• Thu. Oct 3rd, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

بھارت میں کرپشن کا آسیب پریمیر لیگز پر بھی چھا گیا، بکیز نے کس طرح ٹیم کا کنٹرول سنبھال کر اپنے من پسند نتائج حاصل کئے؟ ناقابل یقین خبر آ گئی

Sep 18, 2019

نئی دہلی (نمائندہ خصوصی) بھارت میں کرپشن کا آسیب پریمیر لیگز میں بھی سرایت کرنے لگا جبکہ تامل ناڈو ایونٹ کی پوری ٹیم بکیز کے کنسورشیم نے 4 کروڑ روپے میں خرید لی۔

آئی پی ایل میں 6 برس قبل سامنے آنے والے کرپشن سکینڈل پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی طاقت کے بل بوتے پر مٹی ڈال دی تھی، مگر اب اس کے ہی منظور شدہ ایونٹس میں بھی کرپشن کے آثار ملنا شروع ہوگئے ہیں جبکہ تامل ناڈو پریمیئر لیگ میں بھی بڑے پیمانے پر فکسنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

اینٹی کرپشن یونٹ کو چند کھلاڑیوں نے رپورٹ کی کہ انہیں واٹس ایپ کے ذریعے مشکوک پیغامات بھیجے جارہے ہیں جس پر بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات شروع کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ فکسرز اور بکیز نے ایک غیرقانونی ڈیل کے ذریعے ٹی این ٹی لیگ کی ایک ٹیم کا کنٹرول سنبھال لیا،کچھ اہم شخصیات کے ذریعے دیگرٹیموں میں بھی اپنے من پسند لوگوں کو شامل کیا جارہا ہے۔

بی سی سی آئی اینٹی کرپشن چیف اجیت سنگھ نے تصدیق کی کہ کچھ پلیئرز کی جانب سے رپورٹ کے بعد تحقیقات شروع کی گئیں تاہم ابھی کسی ٹیم کے مالک کو شامل تفتیش نہیں کیا۔

واضح رہے کہ اس لیگ میں ایشوین، مرلی وجے، وجے شنکر، دنیش کارتھک اور واشنگٹن سندر جیسے انٹرنیشنل پلیئرز بھی حصہ لیتے ہیں۔ایک تفتیشی افسر نے بتایا کہ گجرات اور کلکتہ کے بکیز اور فکسرز پر مشتمل کنسورشیم نے چنئی کے فائیو سٹار ہوٹل میں ایک فرنچائز مالک سے کئی میٹنگز کے بعد 4 کروڑ روپے میں ٹیم کا کنٹرول سنبھال لیا۔

اس ٹیم کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اپنے کوچ کی وجہ سے من پسند نتائج حاصل کئے گئے، اب وہ کوچ کوایک اور ٹیم میں بھیج رہے ہیں تاکہ اپنے نیٹ ورک کو وسیع کیا جائے۔ پہلے مرحلے میں اے سی یو کی جانب سے تامل ناڈو میں ہی ایف آئی آر درج کرائے جانے کا امکان ہے۔