لاہور (نمائندہ خصوصی) چنگان کمپنی کی السون کے بعد آٹو انڈسٹری میں ایک اور شاندار اضافہ ہونے جارہا ہے اور ملائیشین کمپنی پروٹون کی گاڑی ساگا کی آئندہ چار ہفتوں میں پاکستان میں لانچنگ متوقع ہے ، ٹیوٹا کی یارس اورپھر چنگان کی السون کو لوگوں نے سراہا،اب ساگا کی آمد کے شائقین منتظر ہیں، کچھ لوگ ان گاڑیوں کے فیچرز سے مطمئن نہیں لیکن ایک مہینے کے اندر ساگاسیڈان کیساتھ ہی پروٹون کمپنی پاکستان میں انٹری دینے جارہی ہے ۔
پروپاکستانی کے مطابق ابتدائی اطلاعات تھیں کہ یہ کار جنوری 2021ءمیں لانچ ہونے جارہی ہے تاہم نامعلوم وجوہات کی بناءپر منصوبے کے بارے گاڑی لانچ نہ ہوسکی ، اب ذرائع کا کہناہے کہ ساگاآئندہ چار ہفتوں کے دوران پاکستان میں لانچ ہونے جارہی ہے ۔
ٓآٹو انڈسٹری ذرائع کے مطابق کم قیمت اور سائز کی وجہ سے اس وقت مارکیٹ میں پروٹون ساگا کا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں، سٹینڈرڈ مینوئل، سٹیڈرڈ آٹو اور پریمیم آٹو جیسی تین اقسام میں گاڑی متعارف کروائی جارہی ہے۔ گاڑی میں94ہارس پاور کا چار سلنڈروں پر مشتمل پٹرول انجن ، ڈبل ایئربیگ،اے بی ایس کیساتھ ڈسک بریکس، ریورس کیمرہ اور فرنٹ پارکنگ سنسرزسمیت بہت کچھ ہوگا۔
کمپنی کی طرف سے کار کی قیمت کا اعلان اس کی باضابطہ لانچنگ کے موقع پر کیاجائے گا تاہم ذرائع کاکہناہے کہ مناسب قیمت ہوگی، قیمت کے حساب سے پاکستان میں جیسے سوزوکی مہران تھی، ایسے ہی ملائیشیاءمیں ساگا شمار کی جاتی ہے جو ہرکسی کی پہنچ میں ہے ۔ڈیلی پاکستان کو ذرائع سے دستیاب معلومات کے مطابق ساگا کی قیمت 21لاکھ روپے کے اردگرد ہوسکتی ہے ۔