اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)احتساب عدالت اسلام آباد نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا 2 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیااور 21 ستمبر تک متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کاحکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق نیب کی ٹیم نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلزپارٹی کے رہنماخورشید شاہ کو احتساب عدالت میں پیش کردیا،اس موقع پرسابق صدرآصف زرداری اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بھی عدالت میں موجود تھے،سابق صدرنے کھڑے ہو کر خورشید شاہ کا استقبال کیا اور گلے لگایا۔ دوران سماعت نیب نے کہا کہ خورشیدشاہ کواحتساب عدالت سکھرمیں پیش کرناہے،جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ کتناٹائم لگتاہے؟خورشید شاہ نے کہا کہ فلائٹ سے 2 گھنٹے لگتے ہیں، آج صبح فلائٹ تھی،کل بھی ہوگی،تفتیشی افسر نے کہاکہ خورشیدشاہ کوپہلی دستیاب فلائٹ پرسکھر لےجائیں گے،احتساب عدالت نے خورشید شاہ کا 21 ستمبر تک راہداری ریمانڈ منظور کرلیا،عدالت نے کہا کہ خورشیدہ شاہ کو 21 ستمبر تک متعلقہ عدالت میں پیش کریں ،واضح رہے کہ خورشید شاہ کو نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گزشتہ روز گرفتار کیاتھا۔