• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

بھارت میں اقلیتوں سے ناروا سلوک، ہیومن رائٹس واچ نے بھارتی حکومت کو ذمہ دار قرار دے دیا

Feb 21, 2021

نیودہلی(نمائندہ خصوصی )بین الاقوامی ادارے ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) نے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک پر بھارتی حکومت کو ذمہ دار قرا ر دیتے کہا کہ بھارت کی حکمران جماعت نے ہندو انتہا پسندوں کو اقلیتوں پر حملہ کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنانے سے متعلق ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی سرکاری پالیسیاں اور اقدامات اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ بھارت نے مسلمانوں کو منظم طور پر امتیازی سلوک کا نشانہ بنانے والی پالیسیاں بنائیں، بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی( بی جے پی) پولیس، عدلیہ اور خود مختار اداروں میں مداخلت کر رہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیو دہلی میں 23 فروری 2020 کے فسادات میں ہلاک 52 افراد میں سے 40 مسلمان تھے، بھارتی حکام نے دلی فسادات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات نہیں کروائیں۔ فسادات بھڑکانے میں بی جے پی لیڈرز اور پولیس حکام پر الزامات ہیں، بھارت نے فسادات کی تحقیقات کے بجائے کارکنان اور احتجاجی منتظمین کو نشانہ بنایا۔

بھارتی حکام اب کسان احتجاج میں شامل اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، بھارتیہ جنتا پارٹی نے ہندو اکثریت کو سرکاری اداروں میں بھرتی کر لیا ہے، بھارتی حکمران جماعت کے اقدام سے مساویانہ حقوق کو نقصان پہنچا ہے۔ بھارتی حکومت مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کو حملوں سے بچانے میں ناکام رہی ہے، بھارتی حکومت اقلیتوں پر حملہ کرنے والوں کی سیاسی سرپرستی کر رہی ہے۔