کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے چھٹے ایڈیشن کا آج سے آغاز ہوگیا ہے جس کا افتتاحی میچ آج کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اپنی ٹیم کراچی کنگز کی فتح کیلئے پر امید ہیں۔
افتتاحی میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور کراچی کنگز کے اہم کھلاڑی بابر اعظم نے کہا کہ میچ کیلئے تیاری اچھی ہے، پریکٹس میچ کے دوران تمام کھلاڑی فٹ نظر آئے، کرکٹ کو انجوائے کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی کنگز کے اوپننگ بلے باز شرجیل خان بھی مکمل فٹ ہیں، امید ہے کہ وہ اچھا پرفارم کریں گے۔
خیال رہے کہ بابر اعظم تینوں فارمیٹس (ٹیسٹ، ون ڈے، ٹی 20) میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں تاہم وہ پی ایس ایل کی جس ٹیم کراچی کنگز کا حصہ ہیں اس کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں ۔