پشاور( عمران خان ) ہم آواز گروپ نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مسائل کے فوری حل اور منتخب نمائندوں تک انکی رسائی کو سہل بنانے کے لیے جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہم آواز گروپ کے عہدیداران اور سابق ناظم و کونسلز نے شرکت کی۔ تقریب میں خواتین سمیت کنوینئر آصف اعوان ، سابق ایم پی اے ڈاکٹر ذاکر شاہ ، عائشہ حسین ، نسیم ریاض ، راشد خان، طارق اقبال ، فیاض نور اور دیگر قائدین نے بھی شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی تاخیر نے عوامی مسائل کو مزید گمبھیر کر دیا ہے۔ منتخب اراکین صوبائی و قومی اسمبلی تک عام شہری کی رسائی عین ناممکن ہو چکی ہے، جبکہ دوسری جانب اپنے حق کے لیے احتجاج کرنا بھی جرم بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناظم و کونسلرز ایسے نمائندے ہیں جن تک عوام اپنے مسائل لے کر ہر وقت پہنچ سکتے ہیں۔ چھوٹے بڑے کئی ایک اہم مسئلے ایسے ہیں جنکے حل کے لیے بلدیاتی نظام انتہائی ضروری اور اہم ہے۔ تقریب کے شرکاء نے صوبائی و وفاقی حکومتوں سے بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر نہ کرنے اور انہیں جلد از جلد منعقد کرانے کا مطالبہ کیا