پشاور(عمران خان خیبر پختون خواہ) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانہ سربند کی حدود میں پچھلے ہفتے ہونے والی کاروائیوں میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاون کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزمان کا تعلق ضلع خیبر، ضلع صوابی اور پشاور سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات کے دھندے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔ ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 21 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی ہے۔ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی او پشاور عباس احسن کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی اپریشنز یاسر آفریدی کی نگرانی میں نوجوان نسل کو منشیات جیسے زہر سے بچانے اور معاشرہ کو اس لعنت سے پاک کرنے کیلئے ضلع بھر میں منشیات سمگلروں اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران ایس پی صدر ڈویژن وقار احمد کی سربراہی میں ڈی ایس پی بڈھ بیر ریاض خلیل اور ایس ایچ او تھانہ سربند امتیاز عالم خان نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ مختلف کامیاب کاروائیوں کے دوران 7 ملزمان جانس ولدتوریاب، شعیب ولد ظاہر شاہ اور سعید ولد غلام حسین ساکنان ضلع خیبر کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 17 کلوگرام چرس برآمد کر لی ہے ۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
اسی طرح دیگر کاروائیوں کے دوران ایس ایچ او تھانہ سربند امتیاز عالم خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ملزمان یاسر ولد عبد الحمید سکنہ پلوسئی، عنایت ولد نور شاد سکنہ صوابی، ہارون ولد درویش سکنہ کسٹم چوک اور جان محمد ولد فدا محمد سکنہ چمکنی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 4 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزمان کو چالان عدالت کرنے کے بعد جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔