وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب کے لئے بہت جلد بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا جس میں سیدوالا پل کے ساتھ رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور نوجوان کے لئے کرکٹ گراﺅنڈ سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب ننکانہ صاحب(رجسٹرڈ) کے صحافیوں سے ٹیلی فوننک گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں کرکٹ گراﺅنڈ نہ ہونے کی وجہ سے ننکانہ صاحب کے نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ، میں نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ذریعے ریلوے لائن کے ساتھ لگی تمام جھاڑیوں اور ملبے کو اٹھوا کر وہاں پر دو خوبصورت گراﺅنڈ بنوادئیے ہیں جن میں نوجوان کرکٹ ودیگر کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیدوالا کے مقام پر پل تو بنا دیا گیا ہے مگر سیدوالا پل سے اوکاڑہ اور ساہیوال کی جانب روڈ کی تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ پل کا عوام کو کائی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہورہا ، میں نے وزیراعظم پاکستان عمران خاں کے ملاقات کے دوران واضح کیا ہے کہ میرے علاقے میں تو سیدوالا پل تک روڈ کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے مگر جب تک سیدوالا والا سے اوکاڑہ اور ساہیوال تک روڈ تعمیر نہیں کی جاتی اسوقت تک عوام کے لئے اس پل کی افادیت نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ میری نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے بھی مذکورہ روڈ کی تعمیر کے لئے بات ہوچکی ہے جنہوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جون سے قبل مذکورہ روڈ کی تعمیر کا کام شروع کروادیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا ننکانہ صاحب کے عوام کے ساتھ ہے اور میں اپنے حلقہ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی ہر ممکن کوششیں جاری رکھوں گا ۔ناصر علی نیوز ٹائم ننکانہ صاحب