لندن(عارف چودھری) سابق وزیر اعظم و آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد سردار عتیق احمد خان اور صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال سے جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل اور یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے وفد کی معروف کشمیری رہنماء راجہ نجابت حسین کی قیادت میں ملاقات ،مجاہد منزل میں ہونے والی ملاقات میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اوورسیز کشمیریوں کے کردار ، سفارتی سطح پر کوششوں اور آزاد کشمیر کے سیاسی امور اور دیگر صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ اوورسیز میں مقیم کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو سفارتی محاذ پر جس جاندار انداز میں پیش کیا اس پر خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ سفارتی محاذ پر تحریک آزادی کے لئے کام کرنے والوں نے بلا تنخواہ سپاہی کا کردار ادا کیا ۔ ایک طرف کشمیری مقبوضہ کشمیر میں عملی محاذ پر دشمن سے نبرد آزما ہیں جبکہ دوسری جانب سفارتی محاذ ہے جس پر اوورسیز کشمیریوں نے اپنی بساط سے بڑھ کر عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کا کام کیا ۔ آج بھی دنیا کے بڑے فورمز ، پارلیمان ، اسمبلیوں میں مسئلہ کشمیر کی گونج کے پیچھے اوورسیز میں متحرک کشمیریوں کا ایک مؤثر کردار ہے ۔برٹش پارلیمنٹ ، یورپین پارلیمنٹ ، انسانی حقوق کونسل سمیت دیگر عالمی فورمز پر تسلسل کے ساتھ منظور ہونے والی قراردادیں اور دیگر اقدامات بڑی پیش رفت ہے جس پر اوورسیز میں کام کرنے والے کشمیری خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لئے مجاہد اول نے ایک منظم انداز میں کام شروع کیا تھا ۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کی ٹیم راجہ نجابت حسین کی قیادت میں جس طرح لابی کے ذریعے برٹش پارلیمان ، برٹش پارٹیوں ، یورپین یونین میں کام کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے ۔ راجہ نجابت حسین نے مجاہد اول کے ساتھ بھی کام کیا اور سفارتی سطح پر ان کی دی گئی ذمہ داریاں ادا کیں ۔ آج بھی راجہ نجابت حسین مسلسل کشمیر کاز کے لئے متحرک ہیں جو کہ قابل ستائش ہے ۔ یوتھ پارلیمنٹ کے باصلاحیت نوجوانوں کا مختلف شعبوں میں کردار بھی قابل تحسین ہے ۔ سردار عتیق احمد خان نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس تحریک آزاد کے ساتھ اپنی لازوال وابستگی کی وجہ سے تحریک کے لئے ہر محاذ پر اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی ۔ سیاست اور حالات میں اتار چڑھائو آتے رہیں گے لیکن تحریک آزادی کے لئے کبھی کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ۔ مسلم کانفرنس کا ہر کارکن تحریک آزادی کا سپاہی ہے اور مجاہد اول کے نظریے کے مطابق کشمیر کی آزادی کے لئے سرگرداں رہے گا ۔ اس موقع پر صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے لئے ہر طرح کی سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر ہم ایک ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لئے ہر محاذ پر کوشاں رہیں گے ۔ اوورسیز میں مسلم کانفرنس کے کارکنان جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل اور دیگر متحرک تنظیموں کے ساتھ مل کر سفارتی سطح پر بھرپور اور متحرک کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ اس موقع پر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ اوورسیز میں مقیم کشمیری چاہتے ہیں کہ کشمیری قیادت مسئلہ کشمیر کے لئے ایک پیج پر ہو اور سب متحد ہو کر یک نکاتی ایجنڈے کے تحت کام کر رہیں ۔ سفارتی سطح پر جو کوششیں ہو رہی ہیں اس میں سب کشمیریوں اور کشمیری تنظیموں کا ایک مؤثر کردار ہے ۔ جب تک ہم متحد ہو کر عالمی سطح پر ایک واضح پیغام اور مؤثر کردار ادا نہیں کریں گے اس وقت تک کسی قسم کی پیش رفت ایک خواب رہے گا ۔ ملاقات میں یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے صدر عبید الرحمن قریشی ، ڈپٹی سیکرٹری تابش عباسی ،شکیل الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کی مستقبل کی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور سابق وزیر اعظم و صدر مسلم کانفرنس نے تحریک حق خود ارادیت کی سرگرمیوں میں تعاون اور شرکت کی بھی یقین دھانی کرائی ۔