(عمران خان خیبر پختون خواہ)
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ جنوبی اضلاع میں امن و آمان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جامع حکمت عملی وضع کریں۔
یہ ہدایات انہوںنے آج ضلع بنوں کے دورے کے دوران بنوں ریجن اور ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کے اعلیٰ پولیس حکام کی امن و آمان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
اجلاس میں ڈی آئی جی بنوں ریجن اول خان،ڈی آئی جی ڈیرہ اسماعیل خان ریجن یسین فاروق ،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی جاوید اقبال, قائم مقام ڈی پی او بنوں سیلم ریاض خان ، ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان عارف شہباز خان ،ڈی پی او لکی مروت عمران خان, ڈی پی او شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈاپور ،ڈی پی او جنوبی وزیرستان شوکت اللہ, ایس پی سپیشل برانچ توحید خان , ایس پی سی ٹی ڈی بنوں اسد خان, ایس پی سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان شبیر خان, ایس پی انوسٹی گیشن لکی نصیب خان, ایس پی انوسٹی گیشن شمالی وزیرستان عقیق حسین نے شرکت کی۔ اس موقع پر بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کے اضلاع کے متعلقہ ڈی پی اوز نے آئی جی پی کو اپنے اپنے اضلاع میں امن و آمان کی موجودہ صورتحال ، اس مقصد کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔آئی جی پی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور شرکاءکو ہدایت کی کہ عوام کو بنیادی حقوق اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بہترین حکمت عملی اپنائی جائے۔ شرکاءاجلاس کو یہ بھی ہدایت کہ وہ منشیات فروشوں، چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گروہوں اور مجرمان اشتہاریوں کیخلاف گھیرا تنگ کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لائیں۔ آئی جی پی نے جنوبی اضلاع کے پولیس حکام کو مزید ہدایت کی کہ وہ علاقے میں عوام کی نبض پر ہاتھ رکھ کر عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیں۔ انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ شکایت کنندہ گان کے مسائل کے حل اور عوام اور پولیس کے مابین اعتماد کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تھانہ کلچر میں بہتری لائیں۔ آئی جی پی نے مزید کہا کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنا ہم سب کا قومی فریضہ ہے تمام ضلعی پولیس افسران اپنے اپنے اضلاع میں پولیو مہم کے دوران بہتریں سیکیورٹی پلان مرتب دیا کریں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ اجلاس کے شرکاءکو اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے جانی و مالی تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ انکے ذریعے ملک بھر کی طرح دنیا میں خیبرپختونخوا کی جانب سے محبت اور بھائی چارے کا پیغام پہنچ سکے۔
آ ئی جی پی خیبر پختون خواہ ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے گزشتہ ہفتہ ضلع شمالی وزیرستان کے تحصیل میر علی میں ایک فلاحی ادارے صباون کے ساتھ کام کرنے والی علاقہ بنوں کی شہید خواتین کے ورثاءکے ساتھ تعزیت ,گہرے رنج وغم کا اظہار کیا اور کہا اس المناک واقعے میں شہید ہونے والی قوم کی بیٹیاںہیں۔آئی جی پی نے کہا کہ اس دہشت گردی کے واقعے کا ماسٹر مائینڈ ہلاک کردیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختون خواہ ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی دورہ بنوں کے موقع پر وکلاءکے وفد صدر پیر انعام اللہ شاہ کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس دوران آ ئی جی پی خیبر پختون خواہ نے نارتھ وزیرستان میں اغواءہونے والے وکیل کے بارے میں وکلاءبرادری کو مکمل یقین دہانی کرائی کہ انشاءاللہ ہم وکیل کی بازیابی کیلئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کارلائیں گے۔اس موقع پر وکلاءبرادری نے انسپکٹر جنرل آف پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ اور کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کررہا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کا بنوں کا ایک روزہ دورہ
