• Mon. Dec 23rd, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

شہیدکانسٹیبل ذیشان کی نمازجنازہ اداکردی گئی

Sep 20, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) تھانہ ناظم آباد کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران شہید ہونیوالے کانسٹیبل ذیشان ولد اطہر میاں بکل نمبر 33918 کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن میں ادا کردی گئی۔ نمازجنازہ میں ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل عمر احمد بخاری، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کے علاوہ ڈی آئی جی ایسٹ، ڈی آئی جی سائوتھ، ایس ایس پیز سینٹرل اور سٹی سمیت رینجرز سندھ و کراچی پولیس کے افسران، جوانوں، شہید کے عزیز و اقارب اور اہلیان علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے خصوصی دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید اہلکار کو سلام پیش کیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہیدکانسٹیبل کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ پولیس کے لئے شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید کے ورثاء کے لئے محکمہ پولیس سندھ کی جانب سے مروجہ مراعات دینے کا اعلان کیا اور متعلقہ پولیس افسران کوہدایات دیں کہ اس حوالے سے تمام تر ضروری قانونی دستاویزی امور کوجلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ یاد رہے کہ ناظم آباد میں پولیس مقابلہ میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے تاہم 1 پولیس اہلکار بھی شہید ہوگیا۔ ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم رائو نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ناظم آباد تھانے کی پولیس نے جمعرات کو ناظم آباد میں واقع عیدگاہ کے قریب پولیس مقابلے میں 2 ڈاکوئوں کو ہلاک کردیا تاہم جانفشانی سے مقابلہ کرتے ہوئے 1 پولیس اہلکار بھی شہید ہوگیا، ناظم آباد تھانے میں تعینات4 پولیس اہلکاروں کا3 ملزمان سے مقابلہ ہوا جس میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے تاہم 1 پولیس اہلکار بھی شہید ہوگیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہا فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے، ہلاک ڈکیتوں کی شناخت حبیب اور عبدالباسط کے نام سے ہوئی ہے اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی بر آمد کیا گیا ہے، ہلاک ملزم 6 رکنی ڈکیت گروہ کے کارندے تھے جو گلبہار، ناظم آباد اور اطراف کے علاقوں میں وارداتیں کرتے ہیں۔