کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کے بعد افغانستان میں سکولوں کی طالبات کے گیت گانے پر عائد پابندی ختم کر دی گئی۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق افغان حکام نے گزشتہ ہفتے یہ پابندی عائد کی تھی۔ حکومت کی طرف سے پابندی کی ہدایات سامنے آتی ہی سوشل میڈیا پر ’آئی ایم مائی سانگ‘ (اپنا گیت میں خود ہوں) کے ہیش ٹیگ کے تحت اس حکومتی اقدام پر سخت تنقید شروع ہو گئی اور خواتین اس مہم میں اپنے پسندیدہ گیت گا کر ویڈیوز پوسٹ کرنے لگیں۔
اس پابندی کے خلاف کئی معروف شخصیات نے بھی آواز اٹھائی جن میں افغانستان کی قومی فٹ بال ٹیم کی سابق کپتان شمیلہ کوہستانی بھی شامل تھیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”افغانستان میں آج وزارت تعلیم نے بچیوں کے گانا گانے کو جرم قرار دے کر چھوٹی بچیوں کی آواز دبا دی ہے۔ وہ بچیوں کو یہ بتا رہے ہیں کہ ان کی کوئی آواز ہی نہیں ہے۔“طیب صفاءنامی خاتون نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے طالبان واپس آ رہے ہیں۔“خواتین کی طرف سے اس شدید تنقید کے بعد افغان حکام کی طرف سے یہ پابندی ختم کر دی گئی ہے۔