پشاور(عمران خان ) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانہ ٹاون کی حدود بورڈ بازار میں خریداری کیلئے آنے والی عورتوں سے چوری میں ملوث خاتون کو گرفتار کرلیا جس کا تعلق ضلع نو شہرہ سے ہے۔ گرفتار خاتون نے ابتدائی تفتیش کے دوران چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا جس کی نشاندہی پر اس کے قبضے سے مال مسروقہ غیر ملکی کرنسی 750 پاونڈز برآمد کرلئے گئے ہیں جس سے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عبد اللہ ولد لعل مراد سکنہ تاج آباد نے ٹاون پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا کہ اس کی والدہ کے پرس سے کسی نامعلوم خاتون چور نے 750 پاونڈز چوری کرلئے ہیں جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔
ایس ایچ او تھانہ ٹاون جاوید خان نے بورڈ بازار میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کے ساتھ ساتھ سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا۔ گزشتہ روز لیڈی پولیس کے ہمراہ کامیاب کاروائی کے دوران عورتوں سے چوری میں ملوث خاتون کا سراغ لگاکر مسماۃ ( ش) بیوہ قدیر شاہ کو گرفتار کرلیا گیا جس کا تعلق ضلع نوشہرہ سے ہے۔ گرفتار خاتون نے ابتدائی تفتیش کے دوران چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا جس کی نشاندہی پر اس کے قبضے سے مال مسروقہ غیر ملکی کرنسی 750 پاونڈز برآمد کرلئے گئے جس سے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
بورڈ بازار میں خواتین سے چوریاں کرنے میں ملوث ملزمہ گرفتار، غیر ملکی کرنسی پاونڈز برآمد
