پشاور(عمران خان )کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے سادہ لوح شہریوں سے دھوکہ دہی کے ذریعے بھتہ وصول کرنے والے گروہ کا سراغ لگا کر سرغنہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں سے ایک کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان جبکہ بقیہ ملزمان کا تعلق ضلع ہنگو سے ہے، ملزمان سادہ لوح افراد کو ڈرانے دھمکانے میں بھی ملوث ہیں جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے
تفصیلات کے مطابق مدعی محمد عمر ولد شہنشاہ سکنہ اورکزئی حال کوہاٹ روڈ نے تھانہ پھندو پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ چند افراد خود کو حساس ادارے کے اہلکار ظاہر کرکے اس سے بھتہ وصول کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی،
ایس ایچ او تھانہ پھندو انعام خان اے ایس آئی امتیاز عرف گجنی نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے ملوث ملزمان کا سراغ لگا کرچار ملزمان محمد کبیر عرف احمد عرف فرہاد ولد زیور، واحید گل ولد پیاو گل، واجد خان ولد اشرف خان ساکنان ہنگو اور جنت گل ولد تراب سکنہ افغانستان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران شہریوں کو ڈرانے دھمکانے اور دھوکہ دہی کے ذریعے ان سے بھاری رقوم ہتھیانے کے متعدد وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹرکار اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے