کراچی (نمائندہ خصوصی)کراچی کے حلقہ این اے 249 سے میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری ہے لیکن اس سے قبل حلقے میں ہونے والے سروے کے نتائج بھی جاری کر دیئے گئے ہیں جس میں اسی حلقے سے منتخب ہونے والے پی ٹی آئی کے ایم این اے فیصل واوڈا کی جانب سے سیٹ چھوڑنے سے قبل تک کی کارکردگی سے متعلق عوامی سطح پر جائزہ اور سوالا ت کیئے گئے ہیں ۔
آپ کو جان کر یہ حیرت ہو گی کہ اسی حلقے میں کروائے گئے تین سرویز میں عوام فیصل واوڈاکی کارکردگی سے خوش دکھائی نہیں دیئے جبکہ ایک سروے میں عوام کی اکثریت نے کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اس کے علاوہ حلقے میں زیادہ تر لوگ فیصل واوڈا سے ناواقف بھی نظر آئے ۔
مقامی اخبار جنگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق گیلپ پاکستان ، پلس کنسلٹنٹ اوراپسوس کے سروے میں حلقے سے مجموعی طور پر 3ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے حصہ لیا، تینوں سرویز 10اپریل سے 20اپریل 2021ءکے درمیان کئے گئے۔ گیلپ پاکستان اور اپسوس کے سروے میں حلقے کے عوام کی اکثریت سابق ایم این اے کی کارکردگی سے نالاں نظرآئیں۔ گیلپ پاکستان کے سروے میں 83فیصد نے فیصل واوڈا کی کارکردگی سے غیر مطمئن ہونے کا کہا جبکہ 11فیصد نے مطمئن ہونے کا بتایا۔ اپسوس کے سروے میں 75فیصد کارکردگی سے غیر مطمئن تو 9فیصد نے فیصل واوڈا کی کارکردگی سے مطمئن ہونے کابتایا۔
اس کے برعکس پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں77 فیصد فیصل واوڈا کی بطور ایم این اے کارکردگی سے اطمینان نظر آئے۔ جبکہ 13فیصد نے غیر مطمئن ہونے کا کہا۔تینوں سرویز میں یہ بھی دیکھا گیا کے حلقے این اے 249کے زیادہ تر عوام ایم این اے سے ناواقف نظر آئے۔ گیلپ پاکستان کے سروےمیں 58فیصد ، پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں 65فیصد جبکہ اپسوس کے سروے میں 69فیصد نے حلقے کے سابق ایم این اے کے بارے میں نہ جاننے کا کہا۔جن افراد نے سابق ایم این اے کے بارے میں جاننے کا کہا اس میں گیلپ پاکستان کے سروے میں 84 فیصد ، پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں 90فیصد جبکہ اپسوس کے سروے میں 28فیصد نے فیصل واوڈا کو بطور ایم این اے پہچانا۔