عمان(نمائندہ خصوصی) اردن کے شہزادہ محمد بن طلال جو شاہ حسین مرحوم کے بھائی تھے ، گزشتہ روز 80سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔
العربیہ نیوز کے مطابق شہزادہ محمد بن طلال بادشاہ عبداللہ کے ذاتی نمائندے کے عہدے پر رہنے سمیت متعدد سینئر عہدوں پر فائز رہے ۔ شہزادہ محمد بن طلال دو اکتوبر1940کو اردن کے دارالحکومت عمان میں پیدا ہوئے ،انہوں نے سوگواران میں اہلیہ ، ایک بیٹی اور سابقہ بیوی سے دو بیٹے چھوڑے ۔
شہزادہ محمد بن طلال کی موت ایسے وقت میں ہوئی جب پہلے ہی ملک میں صورتحال کچھ کشیدہ ہے ، اس ماہ کے ابتداءمیں شاہ عبداللہ کے سوتیلے بھائی شہزادہ حمزہ کو غیر ملکی حمایت یافتہ سازش میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے گھر میں نظر بند کر دیا گیا تھا ۔ حمزہ نے دعویٰ کیا تھا کہ حکام نے بدعنوانی اور ناقص حکمرانی پر تنقید کو خاموش کرنے کیلئے ایسا قدم اٹھایا ۔
کچھ دنوں کے بعد بادشاہ عبداللہ نے اعلان کیا کہ بغاوت کو جڑ سے ختم کر دیا گیا ہے اور یہ کہ حمزہ کیساتھ تنازع حل ہو گیا ہے ۔