ہرارے(نمائندہ خصوصی)دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھیل کے دن پہلے کے اختتام تک پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 267رنز بنالیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس پر عمران بٹ اور عابد علی نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن عمران بٹ 12 رنز کے مجموعے پرصرف 2 سکور بنانے کے بعد ٹریپانو کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے ۔عابد علی اور اظہر علی شاندار طریقے سے بیٹنگ جاری رکھے ہوئے ہیں اور 200 سے زائد سے زائد رنز کی شراکت قائم کی۔یہ ہرارے گراونڈ میں دوسری وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔دونوں کھلاڑیوں کے وکٹ کے چاروں اطراف بہترین شاٹس کھیلیں اور اپنی سنچریاں مکمل کیں۔اظہرعلی 126 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ٹیسٹ کرکٹ میں یہ اظہر کی یہ 18ویں جبکہ عابد علی کی تیسری سینچری تھی۔اظہر علی کے بعد آنے والے کپتان بابر اعظم اورفواد عالم جلد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابر اعظم نے دو جبکہ فواد عالم نے پانچ رنز سکور کیے۔جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو عابد علی 118 اور ساجد خان ایک رنز بناکرکریز پر موجود تھے۔زمبابوے کی جانب سے مزربانی نے تین جبکہ ٹریپانو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ وکٹ خشک ہے، بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ فہیم اشرف کی جگہ تابش خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔پاکستان کی پلیئنگ الیون میں عمران بٹ، عابد علی ، اظہر علی ،بابراعظم ، فواد عالم، محمدرضوان، حسن علی ، نعمان علی ،ساجد خان ،شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان شامل ہیں ۔خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے زمبابوے کو اننگز اور 116 رنز سے شکست دیدی تھی۔