• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

شعیب اختر کی ایک دھمکی جس نے بھارتی بلے باز روبن اتھاپا کو کریز تک محدود کردیا

May 19, 2021

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باﺅلر شعیب اختر اپنے کیریئر کے دوران بڑے بڑے بلے بازوں کے لیے خوف کی علامت تھے۔ حتیٰ کہ سچن ٹنڈولکر جیسے لیجنڈ بھی ان کا سامنا کرنے سے کتراتے تھے۔ ایک بار بھارتی بلے باز روبن اتھاپا نے شعیب اختر کو کریز سے باہر نکل کر کھیل دیا جس پر شعیب اختر نے روبن کو ایسی دھمکی دی کہ بقول روبن اتھاپا اس کے بعد انہیں کبھی شعیب کو باہر نکل کر کھیلنے کی جرات نہیں ہوئی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق روبن اتھاپا نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ 2007ءمیں پاکستانی ٹیم بھارت کے دورے پر آئی تھی جس میں تین ٹیسٹ اور 5ون ڈے میچ کھیلے گئے۔ تینوں ٹیسٹ میچ بھارت جیت گیا اور پھر ون ڈے کی جنگ شروع ہو گئی۔ گواہٹی میں پہلے ون ڈے میچ میں میں اور عرفان بیٹنگ کر رہے تھے۔ ہمیں تین چار اوورز میں 10سے 12رنز درکار تھے، جب شعیب اختر باﺅلنگ کرانے آئے۔

ان دنوں میں نے اپنے ایک خصوصی شاٹ کی بہت پریکٹس کر رکھی تھی، جس کا نام ’واک آﺅٹ شاٹ‘ تھا۔اس شاٹ میں میں باﺅلر کے گیند پھینکنے سے پہلے ہی کریز سے باہر نکل جاتا تھا۔ میں نے سوچا کہ ہم میچ تو جیت ہی رہے ہیں، لہٰذا شعیب اختر کو واک آﺅٹ شاٹ کھیلنے کا اس سے بہتر موقع ہاتھ نہیں آئے گا۔ چنانچہ اوور میں ایک چوکا مارنے کے بعد تیسری گیند پر میں کریز سے باہر نکل آیا اور شعیب اختر کو شاٹ کھیلنے کی کوشش کی، گیند ایج ہوئی اور یہ بھی چوکا ہو گیا۔

روبن بتاتے ہیں کہ یہ میچ ہم جیت گئے۔ اس کے بعد اگلا میچ موہالی میں ہوا جو پاکستان جیت گیا۔ تیسرا میچ کان پور میں ہوا جو ایک بار پھر ہم جیت گئے جس کے بعد چوتھے میچ کے لیے ہم گوالیار میں موجود تھے جہاں ایک رات دونوں ٹیموں نے اکٹھے ڈنر کیا اور ہم ایک کمرے میں جا بیٹھے جہاں شعیب اختر بھی موجود تھے۔ وہاں شعیب نے مجھے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تم آج بہت اچھا کھیلے ہو۔ ہاں ایک بات اور، اگر تم نے اگر آئندہ مجھے کریز سے نکل کر کھیلا تو ایک ’بیمر‘ سیدھا تمہارے سر میں آ کر لگے گا۔‘ شعیب کی یہ بات سننے کے بعد مجھے کبھی ہمت نہیں ہوئی کہ میں انہیں کریز سے نکل کر کھیلوں۔“