کولمبو (نمائندہ خصوصی) کرکٹ کے مداحوں کیلئے ایک ہی دن میں دوسری مایوس کن خبر آگئی ۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 6) کے بعد ایشیا کپ بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ ٹی 20 اگلے ماہ سری لنکا میں شیڈول تھا تاہم اسے کورونا کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے۔ ایشیا کپ کے التوا کی وجہ خطے میں کورونا وائرس کی بگڑی صورتحال بتائی گئی ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ایشلی ڈی سلوا نے صحافیوں کو بتایا کہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال جون میں ایشیا کپ منعقد نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ ایونٹ کو 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ تک بھی ملتوی کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ اکثر ٹیموں نے پہلے سے ہی دو سالہ پروگرام تشکیل دے لیا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے التوا سے چند منٹ پہلے ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ایس ایل 6 کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔آپریشنل وجوہات کے باعث پی ایس ایل کے بقیہ 20 میچز جو ابوظبی میں شیڈول تھے انہیں غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کی ایک وجہ فرنچائزز کے مالی معاملات جبکہ دوسری وجہ بہت سے ممالک کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف کی ویکسی نیشن نہ ہونا ہے۔متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کورونا ویکسی نیشن کی شرط ختم نہیں کی تھی جس کے باعٖث ٹورنامنٹ کے انعقاد میں مسائل کا سامنا تھا۔