لاہور(نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن ملاقاتیں کرتی رہ جائے گی اور الیکشن 2023آجائیں گے،ملکی ترقی کو بریک لگانے کا مخالفین کا منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا۔
نجی ٹی وی 92نیوز کے مطابق گورنر چوہدری سرور سے امریکا میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں نے ملاقات کی ہے۔ملاقات کے دوران گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی مضبوطی میں اوورسیز پاکستانیوں کا مثالی کردار ہے،امریکا میں اوورسیز پاکستانی بھی وہا ں کی سیاست میں حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں اوورسیز پاکستانی بھی ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔کورونا سے عوام کو محفوظ رکھتے کی حکومتی حکمت عملی کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔