پشاور(عمران خان ) کپیٹل سٹی پولیس پشاورنے اسلحہ کی سر نمائش کرنے والے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس وردی میں ملبوس تصاویر بھی سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی تھیں جن میں سے ایک پاکستان قومی رضا کار کا کارندہ تھا، ملزمان پہاڑی پورہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں گاڑیوں پر ریوالونگ لائٹس لگا کر گھومتے تھے جن کے قبضہ سے چھ عدد کلاشنکوف، ایک عدد کالاکوف، ایک عدد ایم فور رائفل، تین عدد پستول، چار عدد ریوالونگ لائٹس، دو عدد واکی ٹاکی سیٹس، پولیس بیلٹس، V-8 اور ویگو گاڑیاں بھی پولیس تحویل میں لے لی گئیں ہیں، ملزمان میں ایک کا تعلق افغانستان، تین کا تعلق پاڑہ چنار جبکہ بقیہ چار کا تعلق پشاور سے ہے، ملزمان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے
تفصیلات کے مطابق تھانہ پہاڑی پورہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ سوشل میڈیا پر پولیس وردی میں تصاویر اپلوڈ کرنے اور سرعام اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود میں موجود ہیں جس پر اے ایس پی فقیر آباد ڈاکٹر محمد عمر کی سرابراہی میں خصوصی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایوب فلور مل کے قریب چار ملزمان حبیب اللہ، احمد جان، سمیع اللہ پسران کثیر جان ساکنان پاڑہ چنار اور افغان شہری محمد ولی شاہ کو گرفتار کر لیا، جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس وردی کا استعمال کرنے، ریوالونگ لائٹس لگا کر شہر میں گھومنے پھرنے اور اسلحہ کی سرعام نمائش کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضہ سے چار عدد کلاشنکوف، ایک عدد کالاکوف، ایک عدد ایم فور رائفل، ایک عدد پستول، چار عدد ریوالونگ لائٹس، دو عدد واکی ٹاکی سیٹس، پولیس بیلٹس اور ایک V-8 گاڑی بھی پولیس تحویل میں لے لی گئی ہے، ملزمان کے دو ساتھی عقیل جان اور الف خان جنہوں نے پولیس وردی میں تصاویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی تھیں موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے
اسی طرح پہاڑی پورہ پولیس نے ویگو گاڑی میں گھومنے اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے مزید چار ملزمان غلام علی ولد جابر علی، امداد ولد عامر خان، دلاور اور سنگین پسران زیورخان ساکنان اخون آباد کو بھی گرفتار کر لیا ہے جن کے قبضہ سے ویگو گاڑی، دو عدد کلاشنکوف، دو عدد پستول برآمد کر لئے ہیں، تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے