لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے بیراجوں پر غیر جانبدار مبصرین تعینات کئے جائیں ، غیر جانبدار مبصرین کی تعیناتی سے پانی کے اخراج کا درست ڈیٹا حاصل ہو سکے گا ۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بلاشبہ یہ اقدام پانی کی کمی کو منصفانہ طور پر صوبوں کے مابین تقسیم میں معاون ہوگا اور صوبوں کے مابین پانی کے مسئلے پر پائی جانے والی غلط فہمیوں کو بھی دور کرنے میں مدد دے گا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملک بھر خصوصاً سندھ کے پارلیمنٹرین کو پنجاب کے بیراجوں کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر خصوصا سندھ کے پارلیمنٹرین پنجاب آکر پنجاب کے بیراجوں کا دورہ کریں تاکہ وہ صوبےمیں اس وقت پائی جانے والی پانی کی کمی، صوبے میں پانی کی تقسیم اور پانی کے اخراج کےڈیٹا کی رپورٹنگ کے نظام کا اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کریں ، میں چاہتا ہوں کہ پارلیمنٹرین اپنی آنکھوں سے دیکھیں کہ کس طرح ہم اس نظام میں واٹر ڈسچارج رپورٹنگ کو شفاف بنا رہے ہیں میری یہ بھی خواہش ہے کہ سندھ بھی ہمارے پارلیمنٹرین کو اپنے بیراجوں کے دورے کی دعوت دے تاکہ ہمارے پارلیمنٹرین بھی سندھ کے بیراجوں کی صورتحال، ان کی پانی کی تقسیم اور رپورٹنگ کے نظام کو قریب سے دیکھ سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اس مسئلے کا حل نکالنا ہے تو ہمیں اپنے گرد دیواریں کھڑی کرنے کی بجائے ان دیواروں کو گرانا ہو گا، میں پنجاب کے کسانوں کو یقین دلاتا ہوں کہ میں پانی کے حوالے سے آپ کی مشکلات دور کروں گا میں اس ضمن میں جلد اپنے کسان بھائیوں کے پاس خود جاوں گا میری بھرپور کوشش ہو گی کہ صوبے میں پانی کی شدید کمی کے باوجود کاشت کاروں کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ہماری حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جس سے کسانوں کی فصل اور ان کی بوائی متاثر نہ ہو۔
سندھ اور پنجاب کے بیراجوں پر غیر جانبدار مبصرین تعینات کئے جائیں، وزیر اعلیٰ پنجاب
