• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی آئی اے اور کاٹی کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

Sep 24, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) اور کو رنگی ایسوی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دئیے گئے۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک اور کاٹی کے صدر محمد دانش خان نے یادداشت پر دستخط کئے۔ مفاہمت کی اس یاداشت کے تحت پی آئی اے ایسوسی ایشن کے ممبران کو آسان سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی اور کاٹی کے ممبران کو مختلف رعایتیں بشمول گروپ کی صورت میں سفر کرنے پر رعایت اور ایئر پورٹ پر باآسانی اور ترجیح چیک ان سہولت فراہم کی جائے گی۔ کاٹی کے صدر دانش خان نے پی آئی اے کی حالیہ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ کاٹی کے ممبران پی آئی اے سے سفر کو ترجیح دیں گے۔ کاٹی ایسوسی ایشن سینیئر کے چیف پیٹرن اور یونائیٹڈ گروپ کے چیئرمین ایس ایم منیر نے سامان کی نقل و حمل کے لئے پی آئی اے کی سروس استعمال کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کاروباری افراد کے لئے بہتر کارگو سہولت کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایئر لائن کو کاروباری شعبہ کی مدد کی ضرورت ہے اور ہم کاروباری افراد کے لئے اپنی کارگو سروس میں مزید بہتری لا رہے ہیں اور کارگو بزنس کو بڑھانے کے لئے مراعات بھی دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں دو مزید طیارے شامل ہو جائیں گے جن کے بعد پروازوں کی تعداد میں اضافہ اور نئے روٹس کے لئے پروازیں چلائی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ بوئنگ 777 طیاروں میں مسافروں کی تفریح و طبع کے لئے انٹرٹینمنٹ سسٹم اگلے 6 ماہ میں مرحلہ وار فعال ہو جائے گا، ہماری اولین کوشش ہے کہ پی آئی اے کی پروازیں بروقت روانہ ہوں، طیاروں کے کیبن صاف ہوں اور دوران پرواز مسافروں کو آسائش کی تمام اشیاء دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا عملہ کاٹی ایسوسی ایشن کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے مسلسل رابطے میں رہے گا۔ انہوں نے کاٹی ممبران سے کو برانڈنگ کے ذریعے پی آئی اے کی مدد کی خواہش کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک کو کو رنگی ایسوی ایشن آف ٹریڈ اینڈانڈسٹری کے صدر محمد دانش خان نے یادگاری شیلڈ پیش کی۔ تقریب میں سینئر نائب صدر کاٹی فراز الرحمٰن، محمد زبیر چھایا اور کاٹی کے نمائندگان کے علاہ تاجر برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔