ممبئی (نمائندہ خصوصی)بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں انتہائی حیران کن واقعہ پیش آیا ہے ، ایک خاندان نے کورونا سے انتقال کر جانے والی اپنی 75 سالہ خاتون کی آخری رسومات اداکر دیں لیکن کچھ دن بعد خاتون زندہ سلامت گھر لوٹ آئی۔
تفصیلات کے مطابق 75 سالہ خاتون کاکورونامثبت آنے کے بعد اسے سرکاری ہسپتال میں 12 مئی کو داخل کروایا گیا لیکن جب خاتون کا شوہر 15 مئی کو ہسپتال گیا تو اسے پتا چلا کہ اس کی بیوی اپنے بیڈ پر موجود نہیں ہے ، انتظامیہ سے معلوم کرنے پر بتایا گیا کہ ان کا بیڈ تبدیل کر دیا گیا تھا اور وہ دوسرے وارڈ میں ہیں ،شوہر نے بیوی کی خوب تلاش کی لیکن وہ نہ ملی۔
جب خاتون تلاش کے باوجود نہ ملی تو مردہ خانے میں جا کر دیکھنے کیلئے کہا گیا ،اس شخص کو اپنی اہلیہ سے ملتی جلتی لاش ہسپتال کے مردہ خانے میں نظر آگئی۔بعد ازاں ہسپتال انتظامیہ نے خاتون کو اسی کی اہلیہ بتاکر میت گھر لے جانے کی اجازت دیتے ہوئے ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیا لیکن اس کے کچھ روز بعد ہی انوکھا واقعہ پیش آیا اور مردہ قرار دے کر جلائی جانے والی خاتون گھر لوٹ آئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دراصل جس خاتون کو مردہ قرار دیا گیا وہ ہسپتال میں زیر علاج تھیں اور کورونا سے صحتیاب ہوگئیں جس کے بعد انہیں جب کوئی لینے نہیں آیا تو وہ خود کو گھر چلی گئیں جب کہ ان کے گھر والوں نے ہسپتال کے عملے کی غلطی کی وجہ سے کسی اور کی آخری رسومات ادا کیں۔