• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ٹرین حادثے پر ریسکیو آپریشن مکمل ، تحقیقات جاری، ترجمان ریلوے

Jun 8, 2021

لاہور (نمائندہ خصوصی) ترجمان ریلوے نازیہ جبین نے کہا کہ گزشتہ روز پیش آنے والے ٹرینوں کے حادثے کے مقام پر ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے ، متاثرہ افراد کی حتمی تعداد اکٹھی کر کے جاری کی جائے گی ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے اس ہولناک واقعہ میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 62 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
نجی ٹی وی اے آر وائی کے مطابق ترجمان ریلوے نے بتایا کہ دونوں ٹرینوں کے آنے میں ایک سے دو منٹ کا وقت تھا، یہ ٹریک بہت پرانا ہے ، اس ٹریک کا تعلق حادثے سے جوڑنا قبل از وقت ہے ، تحقیقات مکمل ہونے سے اصل وجوہات سامنے آئیں گی۔نازیہ جبین نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کا کام مکمل ہو گیا اب ٹریک کو بحال کیا جا رہا ہے ، ٹریک کا کام مکمل ہونے پر ٹرینوں کی روانگی شروع ہو جائے گی ۔ ریلوے کو درپیش مسائل بہت پرانے ہیں جنہیں ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔

واضح رہے کہ 6 اور 7 جون کی درمیانی شب رات 3 بجکر 48 منٹ پر حادثہ پیش آیا ،جس میں 62 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ ملت ایکسپریس کراچی سے پنجاب جارہی تھی اور سرسید ایکسپریس پنجاب سے کراچی جارہی تھی کہ ملت ایکسپریس کی بوگیاں ڈہرکی کے قریب پٹری سے اتر گئیں اور ڈاؤن ٹریک پر جا گریں۔ اس دوران ڈاؤن ٹریک پر آنے والی سرسید ایکسپریس ڈی ریل بوگیوں سے ٹکراگئی۔ حادثہ ڈہرکی اور ریتی لین سٹیشن کے قریب پیش آیا جس میں ملت ایکسپریس کی 8 اور سرسید ایکسپریس کے انجن سمیت 3 بوگیاں پٹری سےاترگئیں۔

مقامی حکام کا بتانا ہےکہ رات گئے حادثے کی وجہ سے اندھیرے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور دشوار گزار راستوں کی وجہ سے ہیوی مشینری کے پہنچنے میں تاخیر ہوئی ۔