کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیرتوانائی حماد اظہر نے کل بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے جھوٹا بیا ن دیاہے، موجودہ حکومت دنیا کی مہنگی ترین بجلی بنا رہی ہے اور مہنگا ترین فرنس آئل خرید رہی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس وقت پورے ملک نوازشریف کے دور میں لگائے گئے پاور پلانٹس سے سستی بجلی مل رہی ہے، سستی بجلی کے لئے کوئلہ پلانٹ نواز شریف کے دور میں لگائے گئے،کراچی کی پوری انڈسٹری گیس نہ ہونے کی وجہ سے بند ہے،جون میں گیس کا یہ حال ہے آگے کیا ہوگا،گیس کی بندش سے ملک کی برآمدات اور ٹیکسز پر بہت فرق پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ حماد اظہر اگر کہتے ہیں کہ بجلی کی وافر ہے تو ان سے پوچھا جائے کہ لوڈ شیڈنگ کیوں ہو رہی ہے،تین ما ہ پہلے کہتے تھے کہ ن لیگ گیس کا انتظا م کر گئی اب وزیرتوانائی کہتے ہیں کہ گیس کی قلت کی ذمہ دار سابقہ حکومت ہے،یہ کرپٹ اور جھوٹوں کی حکومت ہے جو اپنی نااہلیوں کی ذمہ داری سابقہ حکومت پر ڈال رہی ہے۔
مفتاح اسما عیل نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل کے حوالے سے سابق وزیرا عظم شاہدخاقان عباسی پر غلط الزمات لگائے جاتے ہیں شاہد خاقان عباسی نے جو عوام کی خدمت کی وہ حماد اظہرساری زندگی نہیں کرسکتے، تین سال سے موصوف ایف اے ٹی ایف سے نکلنے کی کوشش کررہے ہیں مگر نکل نہیں سکے، میں نے اپنی وزارت کے دوران پاکستان کے گرے لسٹ میں رہنے کی ذمہ داری قبول کی اور معذرت کی مگر ان میں تو اتنی جرات نہیں ہے کہ غلطی تسلیم کرکے معذرت کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مشرف دور کی تعریف کرتے ہیں اور انہیں دس سالہ جمہوری دور میں خرابیاں نظر آرہی ہیں میں جانتا ہوں کہ حمادا ظہر کے والد صاحب پرویز مشرف کے وزیر اعظم کے امیدوار تھے لیکن انہیں چوہدری برادران نے بننے نہیں دیا،عمران خا ن کو وہی شخص پسند ہے جو ان کی تعریف کرتا ہے وہ اپنے مخالفت کرنے والوں اچھا نہیں سمجھتے ، وہ پرویز مشرف کو اچھا سمجھتے تھے مگر جب مشرف نے انہیں وزیر اعظم نہیں بنایا تو ان کے خلاف ہوگئے۔