بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے) پولیس صدر سرکل بہاولپور کا موٹر سائیکل چور گینگز کے خلاف کامیاب آپریشن، تین بین الاضلاعی گینگز گرفتار،25موٹر سائیکلیں برآمد، مالکان کے حوالے کر دی گئیں، شہریوں کا خراج تحسین، جرائم کو ٹریس کرنے اور مسروقہ مال برآمد کرنے سے عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہوتاہے،جرائم بر خلاف مال کے مقدمات ہر صورت ٹریس کر کے انہیں حتمی انجام تک پہنچایا جائے گا، ڈی پی او محمد فیصل کامران۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب انعام غنی اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن(ر) ظفر اقبال اعوان کی جرائم بر خلاف مال کے مقدمات کی ٹریسنگ اور ملزمان کی گرفتاریوں سے متعلق پالیسی کے تحت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران نے بہاولپور کی پولیس کو ٹاسک دئیے تھے جس کے پیش نظر اے ایس پی صدر سرکل محمد شاہزیب چاچڑ کی سربراہی میں آپریشن ٹیم نے موٹر سائیکل چور گینگز کے خلاف بھر پور ایکشن لیتے ہوئے 3 بین الاضلاعی گینگز گرفتار کر لیے، ان میں سجادی بلوچ گینگ، اعجازی گینگ اور راشد گینگ شامل ہیں، گرفتار ارکان میں سجاد بلوچ، نعمان، اعجاز، اصغر، راشد، جاوید، یاسر، خضراور اظہر عرف کیکر گرفتار ہیں،تھانہ صدربہاولپور، سمہ سٹہ،مسافر خانہ اورعباس نگرپولیس نے اس آپریشن میں حصہ لیا، ملزمان کی نشاندہی پر25عدد موٹر سائیکلیں برآمد کرنے کے بعد قانونی طریقہ کار کے مطابق برآمد شدہ موٹر سائیکلیں مالکان کے سپرد کیں۔اس موقع پر شہریوں اور سول سوسائٹی نے پولیس کے اس کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمارے لیے بہت خوشی اور تسکین کی بات ہے کہ ہمارے چوری شدہ موٹر سائیکل ہمیں واپس ملی ہیں، ہماری مایوسی کو پولیس نے خوشی میں بدل دیا ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او محمد فیصل کامران نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور پولیس کی کمانڈ سنبھالنے کے ساتھ ہی میرا یہ عزم تھا کہ ہر ممکن وسائل اور اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے عوامی خدمت اور پبلک سروس ڈیلیوری کو ایک مقام تک پہنچانا ہے،جرائم بر خلاف مال ایسے جرائم ہوتے ہیں جنکی ٹریسنگ اور ریکوری ایک اہم ٹاسک ہوتاہے،جس کو صدر سرکل پولیس نے بخوبی نبھایا ہے۔ مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ ڈی پی اونے صدر سرکل پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا۔