اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے ٹوکیو اولمپکس 2021 کے لیے پاکستانی دستے کو حتمی شکل دیدی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق دستے میں 10 ایتھلیٹس اور 12 آفیشلز شامل ہیں۔دستے کی ٹوکیو روانگی کا سلسلہ 16 جولائی سے شروع ہوگا۔ٹوکیو اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس چھ مختلف کھیلوں کے نو ایونٹس میں شریک ہوں گے۔ایتھلیٹکس میں ارشد ندیم اور نجمہ پروین، بیڈمنٹن میں ماحور شہزاد، جوڈو میں شاہ حسین شاہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ گلفام جوزف، خلیل اختر اور غلام مصطفیٰ بشیر پر مشتمل تین رکنی شوٹنگ ٹیم دو مختلف ایونٹس میں حصہ لے گی۔بسمہ خان اور حسیب طارق سوئمنگ، طلحہ طالب ویٹ لفٹنگ میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔دستے میں شامل جوڈو کے کھلاڑی شاہ حسین شاہ جاپان میں مقیم ہیں وہ براہِ راست اولمپک ولیج جوائن کریں گے۔
اولمپکس 2021 کے لیے 22 رکنی پاکستانی دستے کو حتمی شکل دیدی گئی
