لیڈز (نمائندہ خصوصی) دوسری ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ انگلینڈ کے 200 رنز کے جواب میں گرین شرٹس مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز ہی بنا پائے۔
انگلینڈ کے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے حوصلہ افزا شروعات کی گئی۔ کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کی جوڑی نے 50 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم کپتان 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان کے پویلین لوٹتے ہی پاکستان کی بیٹنگ لائن میں جیسے بے برکتی پڑ گئی اور کوئی بھی ٹاپ آرڈر یا مڈل آرڈر کھلاڑی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔ آٹھویں نمبر پر آنے والے شاداب خان آخری وقت تک شکست کا مارجن کم سے کم کرنے کی کوششوں میں مصروف رہے لیکن کریز پر ان کا ساتھ دینے کیلئے کوئی ٹک ہی نہیں پایا۔ انہوں نے 36 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔اوپنر محمد رضوان نے 37، عماد وسیم نے 20، صہیب مقصود نے 15 اور محمد حفیظ نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود نے تین ، عادل رشید اور معین علی نے دو ، دو شاہینوں کا شکار کیا۔ ٹام کرم اور میٹ پارکنسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت دیے جانے پر انگلینڈ نے 19.5 اوورز میں 200 رنز بنائے اور اس کی پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کے دو کھلاڑی 18 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے تو معین علی اور جوس بٹلر نے تیسری وکٹ کی شراکت پر مجموعی سکور 85 کردیا۔ معین علی 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو لیام لونگ سٹون آئے اور جوس بٹلر کا بھرپور ساتھ دینے لگے تاہم بٹلر 59 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ لیام لونگ سٹون نے اپنی ٹیم کیلئے 38 رنز کی باری کھیلی۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کا کوئی کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔
پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے تین جب کہ عماد وسیم اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
وہی ہوا جس کا ڈر تھا، انگلینڈ نے پاکستان کو اتنے رنز سے شکست دے دی کہ یقین نہ آئے
