بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے )صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔بہاول پور کے لیے میگا ڈویلپمنٹ پلان بنایا جا رہا ہے اور اس ڈویژن کو پورے ملک کا مثالی ڈویژن بنایا جائے گا۔
بہاول پور میں اربن ٹرانسپورٹ کا ایک عظیم منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز بہاول پور میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا بہاول پور انڈسٹریل اسٹیٹ کو جلد فعال کیا جائے اور انڈسٹری کی ضروریات اور روزگار کے لیے مواقع کی فراہمی کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام تک صحت کی سہولیات پہنچانے کے لیے صحت کارڈ کا اجراء کیا ہے اور رواں سال صوبے کے تمام انڈسٹریل کارکنوں، مزدوروں اور کسانوں کو صحت کارڈ فراہم کر دیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بہاول پور کیپٹن محمد ظفر اقبال نے کہا کہ حکومت نے آٹھ سپیشل اکنامک زون قائم کیے ہیں جس کے تحت بہاول پور میں ساڑھے چار ارب روپے لاگت سے انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز چوہدری تنویر محمود نے سپاس نامہ پیش اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ تقریب میں اراکین پارلیمنٹ ملک فاروق اعظم، سمیع اللہ چوہدری، ملک عامر نواز سمیت چیمبر آف کامرس کے اراکین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔بعدازاں صوبائی وزیر خزانہ نے چیمبر آف کامرس کے سبزہ زار میں پودا لگاکر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔