• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

اقوام عالم میں پاکستان کی سر بلندی کے لیے قائداعظم کے رہنما اصولوں کو اپنے اوپر لاگو کرنا اور تعمیر پاکستان کے لیے آپ کے فرمان”کام کام اورصرف کام“ کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔

Aug 7, 2021

بہاول پور( نویداقبال چوہدری سے)اقوام عالم میں پاکستان کی سر بلندی کے لیے قائداعظم کے رہنما اصولوں کو اپنے اوپر لاگو کرنا اور تعمیر پاکستان کے لیے آپ کے فرمان”کام کام اورصرف کام“ کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔
پاکستان ہماری پہچان ہے اور اپنی اس پہچان کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہاررہنما پاکستان تحریک انصاف و ممبر سنڈیکیٹ دی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورسمیرا ملک نے بہاول پور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام یوم آزادی کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار بعنوان ”روشن پاکستان“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھرمیں کوئی بھی تحریک خواتین کی شمولیت کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی۔ اسی طرح تحریک پاکستان میں خواتین کے فعال کردار کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔اس موقع پر سابق چیئرمین شعبہ تاریخ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر سید شاہد حسن رضوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حصول کا مقصد متحدہ ہندوستان میں اپنی الگ پہچان اور اپنا منفرد تشخص قائم رکھنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام ایک تاریخ ساز واقعہ ہے اور تحریک پاکستان کی حقیقی روح ہے جس کا مقصد مسلم اکثریتی علاقوں میں موجود مسلمانوں کو اپنے دین، تصور حیات اور ملی عزائم کے مطابق آزاد فضا میں اپنی الگ پہچان اور روشن مستقبل فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے سلاطین دہلی اور مغلیہ سلطنت سے قیام پاکستان تک کے سفر کو جامع انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں نے اس خطہ پر ہمیشہ اپنی پہچان اور خودی کو ترجیح دی جس کی مجسم صورت پاکستان کی صورت میں معرض وجود میں آئی۔لہٰذا اب ہمارا فرض ہے کہ اپنی اس شناخت کا لوہا پوری دنیا میں منوائیں۔پرنسپل گورنمنٹ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ برائے خواتین بہاول پورمیڈم بشری انجم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان 20ویں صدی کی ایک منفرد اور ممتاز تحریک ہے۔ ہمارے اسلاف کے بے داغ کردار اور بے مثال عزم و استقلال کی بدولت قائداعظم بیک وقت متعدد محاذوں پر قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے پاکستان کا قیام عمل میں لائے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر بہاول پور آرٹس کونسل و میوزیم محمد زبیر ربانی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد دو قومی نظریہ، اس کی اہمیت و افادیت اور موجودہ دور میں اس کی ضرورت کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو اس جذبے سے روشناس کرانا ہے جو قیام پاکستان کی وجہ بنا۔ سیمینار میں اسسٹنٹ ڈائریکٹربہاول پور آرٹس کونسل مہ جبین طاہر، گلریز جاوید، ایڈمن آفیسر گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ (خواتین)بہاول پور، اساتذہ کرام، طالبات سمیت سٹاف ممبران نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض پروگرام آفیسر ذکاء اللہ کھنڈنے سر انجام دیئے۔