بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے) پاکستان پیپلزپارٹی ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی تمام اقلیتوں کے حقوق کی بھر پور حامی جماعت ہے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت اقلیتوں کے جان و مال مذہبی مقامات کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور چند شرپسند عناصر کی جانب سے بھونگ رحیم یار خان میں ہندووں کے مندر پر حملہ بین ثبوت ہے جو ملک دشمن عناصر کی پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کرنے کی گھناونی چال ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے
انہوں نے کہاکہ آئین کے تحت اقلیتوں کے جان و مال اور مذہبی مقامات کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اگر اس کا بروقت تدارک نہ کیا گیا تو اس کے بھیانک نتائج کے ذمہ دار بھی حکمران ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ مندر سے پہلے امام بارگاہ کے علم کو بھی نقصان پہنچایا گیا تاکہ فرقہ واریت کی بھی آگ بھڑکائی جا سکے ایسے ملک دشمن عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو عدم استحکام کی راہ پر دھکیلنے والے ملک و قوم کے ہرگز خیرخواہ نہیں اس لیے امن و امان قائم کرنے والے ادارے ان کے ساتھ آہنی ہاتھ سے نمٹیں۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کا اس حوالے سے ازخود نوٹس لینا احسن اقدام ہے کیونکہ پاکستان کے مسلمانوں کی انہی گھٹیا حرکتوں کی وجہ سے امن پسند مذہب اسلام پر لوگ انگلیاں اٹھاتے ہیں اور ردعمل کے طور اس کا خمیازہ ہندوستان کے مسلمانوں کو بھی بھگتنا پڑتا ہے۔