ویانا(نمائندہ خصوصی) آسٹرین وزیراعظم سبسٹین کرز نے کورونا ویکسینیشن کے لیے مہم مزید تیز کردی۔ موسم گرما کے فلو سے صحتیاب ہونے کے بعد پہلی بار وزیراعظم کرز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر ویکسینیشن کو فروغ دینے پر زور دیا اور تیسری ویکسین کی اہمیت کی تصدیق کی اور آسٹریا میں تیسری کورونا ویکسینیشن ستمبر میں شروع کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم کرز نے میڈیا کو بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ کورونا ویکسینیشن کو ریفریشر کی ضرورت ہے۔ سائنس کے ماہرین کے مطابق پہلی ویکسینیشن کے تقریبا نو ماہ بعد لگائی جا سکتی ہے۔ بوسٹر ویکسینیشن موسم خزاں میں بوڑھے لوگوں اور نرسنگ ہوم کے رہائشیوں سے شروع کی جائیگی۔ وزیراعظم نے آسٹریا میں صحت کے شعبے میں ویکسینیشن کے بارے میں پوزیشن لیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔ اس پر اب بہت جذباتی انداز میں بات کی جا رہی ہے۔ تاہم بعض صنعتوں اور پیشہ ور گروہوں کے لیے ہمیشہ ذمہ داریاں رہی ہیں۔ کچھ وفاقی ریاستیں اپنے ملازمین کے لیے اس کو ریگولیٹ کرتی ہیں وہ بھی “جائز” ہے انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریا میں کوئی بھی ویکسینیشن لازمی نہیں ہے لیکن میں خوش ہوں جب زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسین لے رہے ہیں۔ ویکسین بہت ضروری ہے تاکہ ہم ایک معاشرے کے طور پر وائرس کو پیچھے دھکیل سکیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا خزاں میں ایک اور لاک ڈاؤن ہو سکتا ہے تو آسٹریا کے وزیراعظم نے جواب دیا کہ مجھے امید نہیں ہے کہ ہم دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں۔ میرا مقصد یہ ہے کہ ہم آزادی سے اور معمول کے مطابق رہ سکیں۔ میرے خیال میں لاک ڈاؤن سے بہتر ویکسینیشن لگواناصحیح راستہ ہے۔
آسٹریا نے کورونا ویکسینیشن کی مہم مزید تیز کردی
