• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

الجزائر کے جنگل میں لگنے والی آگ امدادی کارروائیوں میں شامل 25 فوجی نگل گئی

Aug 11, 2021

الجزائر (نمائندہ خصوصی) افریقی ملک الجزائر کے جنگل میں لگنے والی خوفناک آگ ریسکیو آپریشن میں شامل 25 فوجیوں کی زندگیاں نگل گئی۔
العربیہ کے مطابق الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کیا کہ منگل کے روز آگ بجھانے کیلئے شروع کردہ ریسکیو آپریشن میں 25 فوجی آگ کی نذر ہو گئے۔ آگ سے سو سے زاید شہری علاقے متاثر ہوئے ہیں ۔
صدر نے آگ سے متاثرہ خاندانوں اور جاں بحق ہونے والے فوجیوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ الجزائر کے فائر فائٹنگ شعبہ نے تصدیق کی ہے کہ 25 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے ، آتشزدگی کا شکار 10 مقامات مختلف میونسپلٹیوں میں ہوا ہے۔جن میں ایت تودرت ، اقبیل ، آیت یحییٰ ، ابی یوسف ، زراع المیزان ، ایجر ، ایفیعا اورایفلیسن شامل ہیں۔

شہری دفاع کے ڈائریکٹوریٹ کے مطابق تمام انسانی اور مادی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آگ بجھانے کا عمل اب بھی جاری ہے، قابل ذکر ہے کہ الجزائر نیوز ایجنسی نے گذشتہ صبح اعلان کیا تھا کہ آگ لگنے سے 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گھروں کے قریب کچھ آگ بھڑک اٹھی جس نے رہائشیوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا۔ فائر فائٹنگ ٹیمیں اور ہیلی کاپٹر ابھی بھی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ آگ دارالحکومت سے 100 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ریاست تزی اوزو میں آبادی کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔