• Sun. Jul 6th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

بدنام زمانہ گینگ کو غیر منصفانہ کوریج کا شکوہ خاتون صحافی کو قتل کی دھمکی دے دی

Aug 12, 2021

میکسیکوسٹی(مانیٹرنگ ڈیسک)میکسیکو کے بدنام زمانہ گینگ ’جیلسکو نیو جنریشن‘ نے معروف صحافی خاتون ایزوسینا اریستی کو قتل کی دھمکی دے دی۔ دی سن کے مطابق گینگ کے غنڈوں کی طرف سے ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں وہ ایزوسینا پر ’غیرمنصفانہ کوریج‘ کا الزام عائد کر رہے ہوتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمارے خلاف غلط پراپیگنڈا کرنے اور جھوٹی خبریں دینے پر وہ ایزوسینا کو موت کے گھاٹ اتار ڈالیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس گینگ کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں گینگ کا ترجمان کئی دیگر مسلح لوگوں کے درمیان کھڑا ایزوسینا کو دھمکیاں دے رہا ہوتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ ”میں آزادی اظہار کے خلاف نہیں ہوں لیکن میں ہر اس شخص کے خلاف ہوں جو براہ راست مجھ پر حملہ کرتا ہے۔ ایزوسینا میرے بارے میں اور ہمارے گینگ کے بارے میں بولے گئے اپنے الفاظ واپس لے ورنہ اسے قتل کر دیا جائے گا۔“
واضح رہے کہ ’جیلسکو نیو جنریشن‘ کا شمار میکسیکو کے خطرناک ترین گروپوں میں ہوتا ہے جنہوں نے دہائیوں سے ملک میں قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے اور اب تک کئی بڑی شخصیات کو بھی موت کے گھاٹ اتار چکے ہیں۔