• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کنگسٹن ٹیسٹ میں زبردست مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی

Aug 16, 2021

کنگسٹن (نمائندہ خصوصی) کنگسٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ایک وکٹ سے شکست دے دی ۔
دورہ ویسٹ انڈیز پر موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑ گیا ، قومی کرکٹ ٹیم دوسری اننگز میں 203 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ویسٹ انڈیز کو 168 رنز کا ہدف ملا جو اس نے آخری وکٹ پر پورا کرلیا۔

گزشتہ روز کھیل کے چوتھے روز بابر اعظم اور فہیم اشرف نے 160 رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا جو انتہائی مشکل ثابت ہوا اور کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، پوری ٹیم دوسری اننگز میں 203 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بابراعظم 55 رنز ، عابد علی 34 اور محمد رضوان 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاؤں نہ جما سکی اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی آتا اور جاتا رہا ، صرف 16 رنز کے مجموعی سکور پر میزبان ٹیم کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے مگر جرمین بلیک ووڈ نے 55 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی ڈوبتی ناؤ کو مضبوط سہارا فراہم کیا اور ویسٹ انڈیز نے 9 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی۔