• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

حسن علی کو آوٹ کرنے کے بعد نامناسب زبان استعمال کرنے والے ویسٹ انڈیز کے باؤلر کو سبق سکھا دیا گیا

Aug 16, 2021

کنگسٹن (ویب ڈیسک) کنگسٹن ٹیسٹ میں حسن علی کو آؤٹ کرنے کے بعد نامناسب زبان استعمال کرنے والے ویسٹ انڈین بولر جیڈن سیلس کی سرزنش کردی گئی۔
آئی سی سی نے انھیں کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا ہے۔یہ واقعہ پاکستان کی پہلی اننگز کے 70 ویں اوور میں پیش آیا جب سیلس نے حسن علی کو آؤٹ کرنے کے بعد انھیں نامناسب الفاظ کہے جوکہ حریف کرکٹر کو بھڑکانے کا باعث بن سکتے تھے، آن فیلڈ امپائرز گریگوری بریتھ ویٹ، جوئیل ولسن، نائجل ڈوگیڈ اور ٹی وی امپائر لیسلی ریفر نے ان ان پر کوڈ آف کنڈیکٹ کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کا چارج عائد کیا۔
میچ ریفری رچی رچرڈسن نے اس پر ان کی سرزنش کی جس کی آئی سی سی کرکٹ آپریشن ڈیپارٹمنٹ نے توثیق کی، جیڈن سیلس نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سزا بھی قبول کی جس کی وجہ سے باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔
جیڈن سیلس ٹیسٹ اننگز میں 5 وکٹوں کا کارنامہ انجام دینے والے کم عمر ترین ویسٹ انڈین بولر بن گئے، انھوں نے یہ کارنامہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران انجام دیا، سیلس نے 19 برس اور 336 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا، جیڈن نے 55 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے کم عمر ترین بولر کا اعزاز الفریڈ لوئس ویلنٹائن کے نام تھا، جنھوں نے 20 برس اور 41 دن کی عمر میں انگلینڈ کے خلاف 1950 میں یہ کارنامہ انجام دیاتھا۔