بہاولپور (نویداقبال چوہدری سے)ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر انداز میں کام کیا جائے۔ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ہاٹ سپاٹس کی سوفیصد کوریج کو یقینی بنایا جائے۔
وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس سے اظہار خیال کررہے تھے۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل، چوہدری احسان الحق، چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت ڈاکٹر محمد اقبال مکوال، ڈاکٹر خالد چنڑ و فوکل پرسن انسداد ڈینگی، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد عظیم ذیشان اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ویکٹر سرویلنس کے لیے ان ڈور اور آؤٹ ڈور ٹیمیں متحرک انداز میں کام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی کے کام بہتر انداز میں کیے جائیں اور پانی ایک جگہ نہ ٹھہرنے دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل سطح پر ایمرجنسی رسپانس برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں کے فوکل پرسن اینڈرائیڈ یوزر سرگرمیوں میں مزید اضافہ کریں۔ انہوں نے انسداد پولیو مہم اور کرونا ویکسی نیشن کے اور بہتر طریقے سے انجام دینے پر محکمہ صحت کے افسران و سٹاف کی کاوشوں کو سراہا۔ اجلاس میں ڈاکٹر خالد چنڑ نے ضلع بھر میں انسداد ڈینگی کے حوالہ سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 412 ان ڈور اور 108 آؤٹ ڈور ٹیمیں فعال ہیں اور ویکٹر سرویلنس کے امور باقاعدگی سے کیے جارہے ہیں۔ اسی طرح ضلع بھر میں 1494 ہاٹ سپاٹس ہیں جن کی کوریج کی جارہی ہے۔