• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

افغانستان کی پیچیدہ صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان کیلئے انتہائی ضروری ہے کہ وطن عزیز میں پیپلز پارٹی برسراقتدار ہو

Aug 18, 2021

بہاولپور (نویداقبال چوہدری سے) پاکستان پیپلزپارٹی ڈویژن بہاولپورکے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ افغانستان کی پیچیدہ صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان کیلئے انتہائی ضروری ہے کہ وطن عزیز میں پیپلز پارٹی برسراقتدار ہو کیونکہ صرف پاکستان پیپلزپارٹی کی زیرک قیادت ہی بہترین خارجہ پالیسی اور دبنگ فیصلوں کی بدولت مشکل ترین حالات کو سدھار اور دوست اور برادر ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین،پائیدار تعلقات کو مضبوط بنا سکتی ہے اس لیے قبل ازوقت انتخابات نظر آ رہے ہیں اور ذی شعور عوام اگلی حکومت پی پی پی کی ہی منتخب کرینگے۔

انہوں کہاکہ موجودہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسیوں کی بدولت امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے اور عالمی برادری میں پاکستان کو بدنام کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت افغانستان کی ترقی پذیر صورتحال اور وہاں کی خواتین، مردوں،بچوں اور نوجوانوں پر اس کے مضمرات پر تشویش میں مبتلا ہے اور پیپلزپارٹی افغانستان کی مذہبی اور نسلی اقلیتوں اور کمزور طبقات کیلئے بھی بڑی فکر مند ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو پاکستان کے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ امن، استحکام اور سلامتی کیلئے پیدا ہونے والے ممکنہ چیلنجز پر بھی تشویش ہے جبکہ پیپلزپارٹی ایک جمہوری، جامع اور تکثیری افغانستان کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتی ہے جہاں افغانستان کے ہر مکتبہ فکرکے شہری پرامن ماحول میں آزادانہ زندگیاں گزار سکیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے متحرک کارکنان اور ہر لیول کے عہدیداران سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ابھی سے جنرل الیکشن کی بھرپور تیاریاں شروع کردیں کیونکہ پاکستان میں عام انتخابات کسی وقت بھی ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کی مکروہ صورتحال کو دیکھیں تو اس کا رویہ ہمیشہ بے وفائی کا رہا ہے،پہلے دور حکومت میں امریکا نے طالبان سے بے وفائی کی،عراقی صدر صدام حسین سے بے وفائی کی اور اب افغانی صدر اشرف غنی سے بھی وہی رویہ اپنایا ہے،یاد رہے کہ سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر نے ایک بار کہا تھا کہ ”امریکہ کی دشمنی سے بدتر اس کی دوستی ہے”۔امید ہے یہ بات سب کو سمجھ آ گئی ہوگی۔