اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئی۔یاسر شاہ اور نسیم شاہ کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے ویسٹ انڈیز میں رک گئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق قومی سکواڈ کے تمام کھلاڑی جمیکا سے براستہ لندن لاہور پہنچے ہیںجبکہ وطن واپس آنے والے سکواڈ میں بابر اعظم، عابد علی، عمران بٹ، فواد عالم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
محمد عباس اور اظہر علی انگلینڈ میں کاونٹی سیزن کھیلیں گے جبکہ کوچ مصباح الحق کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث جمیکا میں قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آئیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-1 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔
دورہ ویسٹ انڈیز مکمل، قومی کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی
