بہاولپور( نویداقبال چوہدری سے) اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایم آئی یو کیخلاف رشوت خوری اورجانبداری کے الزام میں متعدد چکوک کے کاشتکاروں کا احتجاج‘ فوری طورپرکرپٹ مافیاکو تبدیل کرنے کامطالبہ
‘تفصیل کے مطابق یزمان کے چکوک 44 ڈی بی،42 ڈی بی،41 ڈی بی،40 ڈی بی،47 ڈی بی، چک نمبر48 ڈی بی کے نمبرداروں اوردیگرکاشتکاروں محمدخالد، رانادستگیر، محمدغفران، محمداکرم، محمداعظم، محمدسہیل سمیت درجنوں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایاکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایم آئی یوحافظ عبدالغفورنے ان کی نہر ون آر ڈی بی کے کاشتکاروں سے نذرانہ کی ڈیمانڈ شروع کررکھی ہے انکارکرنے پر ان کے موگہ جات کیخلاف جھوٹی اور بے بنیاد رپورٹس اعلی حکام کوارسال کرکے ان کیخلاف مقدمات درج کرائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر حافظ عبدالغفور ایک مقامی ٹاؤٹ درخواست باز اور بھتہ خور شخص کا ساتھی بناہواہے اوراس کے ذریعے تمام نہروں سے لاکھوں روپے اکٹھے کرتاہے انہوں نے بھتہ خور کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایم آئی یوحافظ عبدالغفور کونذرانے کی رقوم دینے سے انکارکیاتوان کیخلاف بوگس کاروائیوں کاسلسلہ شروع کردیاہے انہوں نے کہاکہ ان کی نہرمیں مہینے میں پندرہ دن پانی چھوڑاجاتاہے جس سے ان کی فصلات تباہ ہورہی ہیں۔ انہوں نے مزیدالزام لگاتے ہوئے کہاکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر حافظ عبدالغفورنے یزمان کی32 نہروں میں سے سوائے ون آرڈی بی کوکسی دوسری نہرکو چیک ہی نہیں کیا۔ ہماری نہرسالانہ ہونے کے باوجود ششماہی سے بھی برے حالات ہیں۔ احتجا ج کی اطلاع ملنے پرایکسین انہار بہاولپور محمدکاشف، ایس ڈی اوانہار محمدحسیب اور متعلقہ سب انجینئر ساجد مغل موقع پرپہنچ گئے اورانہوں نے کاشتکاروں کو یقین دہانی کراکر احتجاج ختم کرایا۔ متاثرہ کاشتکاروں نے وزیراعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اورردیگرارباب اختیارسے اسسٹنٹ ڈائریکٹر حافظ عبدالغفور اوراس کے ساتھی ٹاؤٹ مافیاکیخلاف فوری کاروائی کامطالبہ کیاہے۔