کراچی(غلام مصطفے عزیز ) پولیس نے مختلف علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے دوران قتل کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ 2 برقعہ پوش کو بھی گھر میں ڈکیتی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایس ایس پی شوکت علی کیھتیان کے احکامات پر ملزماں کے خلاف کاروائی بدستور جاری ہے، ایس ایچ او مومن آباد نے کاروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے دوران قتل کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے اپریل کے مہینہ میں تھانہ اتحاد ٹائون کی حدود قائم خانی کالونی میں واقع گھر میں ڈکیتی کرتے ہوئے ایک شخص کو قتل کر دیا تھا، مومن آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر تینوں ملزمان احمد عرف موٹا، زین العابدین عرف وکی اور نور محمد عرف غما کو گرفتار کیا، ملزمان کے خلاف تھانہ اتحاد ٹائون میں مقدمہ الزام نمبر 253/19 بجرم دفعہ 302/34 درج ہے جبکہ دوسری کاروائی میں ایس ایچ او تھانہ سعید آباد کا اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون میںاسمگل شدہ چھالیہ، ٹائر، صابن وغیرہ برآمد کر لیا۔ سعید آباد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے چھالیہ سپلائی میں ملوث 2 ملزمان محمد زمان اور مقصود کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 300 کلو گرام چھالیہ برآمد کر لی۔ اسی طرح ایک اور کاروائی میں سعید آباد پولیس نے کوئٹہ سے آنے والی بس سے 30 کارٹن موتی،6 بنڈل کپڑا، 23 ٹائر اور 50 کارٹن صابن برآمد کر لیا۔ دریں اثناء پیر آباد پولیس نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے2 برقعہ پوش ڈکیت گھر میں ڈکیتی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ پیر آباد پولیس کو بذریعہ 15 کال اطلاع موصول ہوئی کہ دو برقعہ پوش ملزمان اکرم نیازی نامی شہری کے گھر میں ڈکیتی کر رہے ہیں، عورت اور بچوں کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا ہے۔ پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ دونوں ملزمان جنید ولد اللہ تھاریو اور شفی ولد شاہ عالم کو گرفتار کر کے قبضہ سے پستول اور چھری برآمد کر لی ہے۔