• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

صاف کراچی مہم میں بزنس کمیونٹی کی مدد درکار ہے، کے فور میں تاخیر ہوگی

Sep 29, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صاف کراچی مہم میں بزنس کمیونٹی کا تعاون درکار ہے، 30 دن کے اندر کچرے کا بیک لاگ صاف کردیں گے، یہ مہم ایک ماہ تک محدود نہیں رہے گی، شہر کی صفائی کے لیے مستقل نظام بنا رہے ہیں، کے فور منصوبے مکمل ہونے میں تاخیر ہوگی، 180ملین گیلن کے ایک متبادل منصوبے پر کام کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سالانہ عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر دانش خان، چیئرمین کائٹ زبیر چھایا نے اظہار خیال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں کے ایم سی کو سالانہ 12 سے 14ارب روپے ترقیاتی کاموں کے لیے دئیے جاتے ہیں اس کے باوجود شہر میں ترقیاتی کام حکومت سندھ کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچرے کی صفائی کی ذمہ داری کے ایم سی اور ضلعی انتظامیہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی میں اس بات کی منصوبہ بندی مکمل کرلی تھی کہ کراچی کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو متحرک کریں، شہر میں پہلے سے موجود کچرا صاف کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے افرادی قوت اور مالی وسائل فراہم کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں اس مقصد کے لیے 60 سے زائد جی ٹی ایس بنائے گئے ہیں جہاں سے کچرا لینڈ فل سائٹ منتقل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پیپلز پارٹی شہری سندھ کو نظر انداز کرتی ہے، گزشتہ تین برسوں میں شہر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے گئے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 180ملین گیلن پانی کے لیے متبادل منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے مضبوط ہوں گے تو پاکستان مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو سنگین مسائل درپیش ہیں، بزنس کمیونٹی کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ قبل ازیں کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی صاف کراچی مہم کے دوران شہر سے 1 لاکھ 31 ہزار ٹن کچرا اٹھایا جاچکا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ صنعت کاروں اور برآمد کنندگان کے 700 ارب سے زائد کے ریفنڈز زیر التوا ہیں ان میں سے صرف 10 ارب بانڈز کی صورت میں جاری ہوئے ہیں، یہ رقم ادا کردی جائے تو برآمدات کو دو گنا بڑھا کر دکھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے پاک فوج کی قربانیوں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، ملک کی سلامتی کے لیے بزنس کمیونٹی اور پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ صدر کاٹی دانش خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کورنگی صنعتی علاقے کے لیے 1.04ارب روپے کی گرانٹ جاری کی جس کے لیے صنعت کار برادری ان کی شکرگزار ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی کو کراچی میں 10 کروڑ درخت لگانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کاٹی سمیت شہر کی 7 صنعتی ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر یہ ہدف حاصل کرنا ممکن ہے۔ دانش خان نے صاف کراچی مہم کے آغاز پر وزیراعلی سندھ کو مبارک باد پیش کی اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کاٹی کی صدارت کے لیے اظہار اعتماد پر ایس ایم منیر کا شکریہ ادا کیا اور نومنتخب صدر کاٹی شیخ عمر ریحان، سینیئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین کو مبارک باد پیش کی۔ چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی جاری کردہ گرانٹ سے 14منصوبوں کی منظوری دی گئی تھی جن میں سے 8 تکمیلی مراحل میں ہیں اور 6 پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج اور پانی کی فراہمی میں واٹر بورڈ بری طرح ناکام ہوچکا ہے اس ادارے کے حوالے سے کوئی بڑا فیصلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ 30 سال میں پہلی مرتبہ کورنگی صنعتی علاقے میں نکاسی آب کے لیے اتنے بڑے منصوبوں پر کام کرنا ممکن ہوا جس کے لیے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے قانون و ماحولیات مرتضی وہاب، ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینیئر دارو خان اچکزئی، سینیٹر عبدالحسیب خان، ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، خالد تواب، کمشنر کراچی افتخار شالوانی ، ڈپٹی کمشنر کورنگی شہریار میمن، نومنتخب صدر کاٹی عمر ریحان، اکبر فاروقی، فرحان الرحمن، عبدالوحید خان، فراز الرحمن، ماہین سلمان، شہر کی ممتاز شخصیات اور غیر ملکی سفیروں نے عشائیے میں شرکت کی۔