نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ان دنوں اپنی بہو کی تلاش ہے جس کے لیے انہوں نے گزشتہ دنوں فیس بک پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنی اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ”میں اپنے بیٹے فارق کے لیے بیوی کی تلاش میں ہوں۔ اپنی بہو کے طور پر ایک اچھے کردار کی نیک مسلمان لڑکی میری پہلی ترجیح ہو گی۔ ایک ایسی لڑکی میری ترجیح ہو گی کہ شادی کے بعد میاں بیوی ایک دوسرے سے رہنمائی حاصل کریں اور ایک دوسرے کی طاقت بنیں۔“
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اس پوسٹ میں اپنی ممکنہ بہو کے لیے کئی دیگر شرائط بھی رکھی ہیں جن میں انہوں نے کہا ہے کہ لڑکی قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلام پر چلنے والی ہو۔ حرام اشیاءسے دور رہنے والی ہو، ممکنہ حد تک سنت نبوی ﷺ پر عمل کرے، نیک ہو، سیدھے رستے پر چلنے والی، اچھے اخلاق کی مالک، نرم دل، ہمدرد اور خاوند کا ساتھ دینے والی ہواور سادہ زندگی گزارنے کی خواہش مند ہو۔“
وہ اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ اگر آپ کسی ایسی لڑکی کے باپ یا رشتہ دار ہیں جسے آپ اہل سمجھتے ہیں اور جو شادی کی ان شرائط کے بار ے میں سوچنے پر راضی ہے تو میں آپ سے درخواست کروں گا کہ مطلوبہ معلومات کے ساتھ مجھ سے رابطہ کریں۔