بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)چہلم حضر ت امام حسین ؓ کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات مکمل،1200 کے قریب افسران اورجوان سیکیورٹی ڈیوٹی پرمامور،20 صفر المظفرکے حوالے سے ضلع میں 12جلوس اور18 مجالس عزاء ہونگی، سیکیورٹی کے حوالے سے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں،تمام نفری الرٹ ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون اور دستیاب وسائل سے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے گا،ڈی پی او
انسپکٹرجنرل آف پولیس پنجاب راؤسردار علی خان اورایڈیشنل انسپکٹرجنرل آف پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن(ر) ظفراقبال اعوان کی چہلم کے حوالے سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے احکامات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمدفیصل کامران کی ہدایت پر چہلم کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرکے سیکیورٹی پلان جاری کیا جاچکاہے، چہلم 20 صفر المظفر کے موقع پر1200 کے قریب افسران و جوان سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے جبکہ ضلع میں 12 جلوس اور 18 مجالس عزاء ہونگی،جلوسوں میں 1 اے، 4 بی اور 7 سی کیٹگری کے ہونگے،اسی طرح مجالس میں 1بی کیٹگری اور 17سی کیٹگری کی ہونگی،جلوس اور مجالس پرڈسڑکٹ پولیس،ایلیٹ فورس، ڈولفن اسکواڈ،محافظ اسکواڈ،پنجاب کانسٹیبلری اور ٹریفک سٹاف کے علاوہ ویلنٹیئرز بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے،جلوس کے راستوں کو خاردار تاروں اورکناتوں سے سیل کیا جائے گاجبکہ بلند عمارات پرسنائپرز تعینات ہونگے، ڈی پی اونے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چہلم حضر ت امام حسینؓ کے حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ بہاول پور میں امن وامان کو برقرار رکھا جا سکے،تمام شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ڈیوٹی میں شامل ہے، منتظمن جلوس اور شہری پولیس سے تعاون کریں، کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ تھانہ یا 15 پر دیں، ضلع میں تمام نفری الرٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون بھی حاصل ہے تاکہ معاشرتی امن برقرار رہے۔