• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

’مستقبل میں پاکستان اور طالبان کے تعلقات پیچیدہ ہوجائیں گے‘ امریکی سینٹ کام کمانڈر کی بریفنگ، پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام پر کیا کہا؟

Sep 29, 2021

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل کینتھ مکینزی نے کہا ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور طالبان کے تعلقات خراب ہوسکتے ہیں، پاکستان کے ایٹمی پروگرام اور اس کے ساتھ تعلقات کے بارے میں وہ بند کمرہ اجلاس میں بریفنگ دیں گے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو افغانستان سے انخلا کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے جنرل مکینزی نے کہا کہ افغانستان تک فضائی اور زمینی رسائی پاکستان کے ذریعے ہوتی رہی، مستقبل میں طالبان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بگڑ سکتے ہیں۔ دوحہ معاہدے کے تحت طے شدہ شرائط میں سے طالبان نے صرف ایک شرط پوری کی، جو اتحادی افواج پر حملے نہ کرنے کی تھی، افغانستان میں مزید کسی فوجی کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
نیوز آور پروگرام کی پروڈیوسر علی روجن کے مطابق سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مکینزی نے سینیٹ سے کہا کہ ’ مجھے یقین ہے کہ امریکہ کے افغانستان کے انخلا کے بعد پاکستان کے طالبان کے ساتھ تعلقات مزید پیچیدہ ہوجائیں گے، مجھے اس بات کی تشویش ہے کہ امریکی موجودگی کے بغیر طالبان پاکستان میں داخل ہونا شروع ہو جائیں گے۔‘
خبر ایجنسی روئٹرز کے نامہ نگار جوناتھن لنڈے کے مطابق جنرل مکینزی نے پاکستان کے جوہری پروگرام پر بھی بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ ’ پاکستان کے طالبان کے ساتھ تعلقات واضح طور پر پیچیدہ ہوجائیں گے، وہ اس کی اور پاکستان کے جوہری پروگرام کی تفصیلات اِن کیمرا سیشن میں بتائیں گے۔‘