بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے )بہاولپور چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کی30 ویں سالانہ جنرل میٹنگ کا انعقاد گزشتہ روز بہاولپور چیمبرکے سبزہ زار میں ہوا جس کے مہمان خصوصی کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال اورگیسٹ آف آنر ڈپٹی کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا تھے۔
اس موقع پر چیمبرکے سبکدوش ہونے والے اعلیٰ عہدیداران تنویر محمود،غلام فرید،محمد منیب ملک، نومنتخب اعلیٰ عہدیداران حافظ محمد یونس،احمد علی جبار،منصور احمد، نو منتخب اراکین ایگزیکٹو کمیٹی، سابق صدور چوہدری عبدالجبار، ڈاکٹررانا محمد طارق خان، چوہدری طاہر جمیل، شیخ محمد عباس رضا، محبوب ناصر چوہدری، سیٹھ محمد ارشد، مبشر حسین، ظفر شریف اوربہاولپور پریس کلب کے صدر محمد ہمایوں گلزارکے علاوہ اراکین چیمبر کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔ چیمبر کی صدارت سے سبکدوش ہونے والے صدرتنویر محمود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے اپنے دور صدارت کے دوران حاصل کیے گئے اہداف اور دیگر سرگرمیوں پر مکمل بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ زیر تعمیر انڈسٹریل اسٹیٹ کی تعمیر کے لیے 1150ملین کے فنڈز جاری ہو گئے ہیں، بہاولپور کے ڈی سی شیڈول ریٹس میں انڈسٹریل کالم کا اضافہ، نقشہ فیسوں و دیگر ٹیکسوں میں کمی، بہاولپور کو بذریعہ جانگھڑا موٹروے سے لنک، چیمبر بلڈنگ کی رینوویشن اور چیمبر کو سولر انرجی پر منتقل کرنے جیسے بڑے اہداف پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ اہداف پالیسی میٹر کی وجہ سے حاصل نہ ہوسکے اور وہ بھی آنے والے دور میں حاصل کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے چیمبر کے نو منتخب صدر حافظ محمد یونس اور دیگر نو منتخب عہدیداران اور اراکین ایگزیکٹو کمیٹی کو اگلے سال کے لیے بلا مقابلہ کامیاب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ بات ہم سب کے لیے خوش آئند ہے کہ چیمبر کے حالیہ انتخابات میں ہمارے گروپ نے بلا مقابلہ کامیابی حاصل کی ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری ایک سالہ کارکردگی باعث اطمینان اور اراکین چیمبر کے اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ایک سالہ دور میں بہاولپور چیمبر کی تعمیر و ترقی اور اراکین کے مسائل کے ازالے کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ اور بہاولپور کی لوکل انتظامیہ کی معاونت سے بہت سے مسائل کا ازالہ کرایا گیاجس پر ہم چوہدری طارق بشیر چیمہ اور لوکل انتظامیہ کے تعاون و سر پرستی کے بے حد مشکور ہیں اورانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیمبر کے نو منتخب صدر حافظ محمد یونس نے کہا کہ میں اپنے ایک سالہ دور صدارت میں یہ بات ثابت کرکے دکھاؤں گا کہ چیمبر کی صدارت حقیقی معنوں میں ٹریڈرز کے پاس منتقل ہوئی ہے۔ انہوں نے صدارت کے عہدے پر فائز کرانے پر اپنے گروپ لیڈران اور چوہدری طارق بشیر چیمہ کا خصوصی شکریہ اداکیا اورکہا کہ جو ذمہ داری مجھ پر عائد کی گئی ہے اسے پوری ذمہ داری، ایمانداری اور مکمل فرض شناسی سے پو را کروں گا۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے صدر تنویر محمودکی چیمبر کے لیے کی جانے والی خدمات کو بھی سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیمبر کے تمام معاملات کسی بھی تفریق کے بغیر اور باہمی مشاورت و رضا مندی سے حل کیے جائیں گے اور مثبت و جامع تجاویز پر عمل در آمد کیا جا ئے گا۔ سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے کہاکہ کسی بھی علاقے کی صنعتی و تجارتی ترقی میں چیمبرز آف کامرس کااہم کردار ہوتا ہے اور بہاولپور چیمبر یہ کام خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہا ہے اور بہاولپور چیمبر آف کامرس یہاں کی پہچان ہے۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے یہاں کے صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جھانگھڑا شرقی دو رویہ ایکسپریس وے کے لیے پروجیکٹ کی منظوری ہو چکی ہے اور 8بلین کے فنڈزمنظور کیے گئے ہیں جبکہ 2ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہاولپور میں زیر زمین پانی کی کمی اور خراب صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ربرڈیم کے منصوبے پر ورلڈ بینک کے تعاون سے پروجیکٹ حتمی منظوری کے مراحل میں ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جیپ ریلی کے انعقاد میں بہاولپور چیمبر کے تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے اپنی جانب سے بہاولپور چیمبر کو اپنے مکمل تعاون کا بھی یقین دلایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ بہاولپور چیمبر کی جانب سے پیش کیے گئے ٹیکسز سے متعلق مسائل کو حل کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے تاہم اس میں کافی پیش رفت بھی ہوئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ امید ہے کہ ٹیکسز سے متعلق مسائل اور انڈسٹریل کالم کا شیڈول میں چند دنوں تک درج ہوکر بورڈ آف ریونیو سے ہمیں موصول ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو بہاول جم خانہ میں بھی خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ اجلاس سے چیمبر کے سبکدوش ہونے والے نائب صدرمحمد منیب ملک، نو منتخب سینئر نائب صدر احمد علی جبار، نو منتخب نائب صدر منصور احمد،سابق صدو رچوہدری عبد الجبار، ڈاکٹر رانا محمد طارق، اور سیٹھ محمد ارشد نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں سبکدوش ہونے والے چیمبرکے اعلیٰ عہدیداران، اراکین ایگزیکٹو کمیٹی، تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے اعزاز میں چیمبر کی یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانو ں کے اعزاز میں عشائیہ ترتیب دیا گیا۔