بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (NCHD)بہاول پور کے زیر اہتمام تعلیم بالغاں مرکز کے افتتاح کے لیے بستی حاجی رحیم بخش یونین کونسل خانووالی میں اہتمام کیا گیا جس میں کنوینرپاکستان تحریک انصاف الیکٹرونک میڈیا ونگ، ممبر سنڈیکیٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور جنوبی پنجاب سمیرا ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے خواتین کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خواتین سے کہا کہ وہ باقاعدگی سے اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور پوزیشن حاصل کرنے والی خواتین کو انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ این سی ایچ ڈی کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیم بالغاں کے تمام مراکز کا دورہ کریں گی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی میاں عبدالغفارنے لٹریسی پروگرام کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی کے زیر انتظام تعلیم بالغاں کے بیس مراکز ہیں جن میں خواتین کو لکھنا اور پڑھنا سکھایا جارہا ہے۔ اس تقریب میں علاقہ کے مردو خواتین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر (UPE) سید نجم الحسن بخاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لٹریسی میڈم شکیلہ اور فیلڈ آفیسرز نے بھی شرکت کی۔