بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)حکومت پنجاب کی ہدایت پر اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ نرخ کے مطابق فروخت کو یقینی بنایا جائے گا۔
گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمہ کے لیے کریک ڈاؤن کیا جائے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر، ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک انداز میں کام کریں اور اشیائے ضروریہ کے نرخ باقاعدگی سے چیک کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل سطح پر انتظامی افسران علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی میں نیلامی کی نگرانی کریں اور تمام تر عوامل شفاف انداز میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا روزمرہ استعمال کی اشیاء کے نرخ نمایاں جگہ پر آویزاں کیے جائیں تاکہ صارفین کو خریداری کے وقت پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ نرخ سے زائد اشیاء ضروریہ فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا۔