بہاولپور (نویداقبال چوہدری سے)میونسپل ملازمین کیلئے 25 فیصد سپیشل الاؤنس کی منظوری بڑی کامیابی ہے۔
ملازمین کے حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈویژنل صدر اپیکا ملک ریاض نے میٹروپولیٹن کارپوریشن میں جنرل کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں اسلم بھٹی،مجید عباسی، علی اکبر، شہزاد شاہ، انعام الحق، عباس عباسی، کے علاوہ اپیکا یونٹ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے تمام عہدیداران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں محمود علی عباسی کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہونے والا عہدہ نائب صدر کیلئے متفقہ طور پر حاجی محمد رفیق کو منتخب کیا گیا۔ اسی طرح محمد اظہر سینئر نائب صدر کی جگہ محمد افضل کو منتخب کیا گیا۔ ڈپٹی جنرل سیکریٹری بلال احمد کی وفات سے خالی ہونے والی سیٹ پر شاہد محمود کا چناؤ عمل میں لایا گیا۔اجلاس می بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ بہاولپور کے ملازمین کی اپیکا یونٹ کارپوریشن میں شمولیت کی منظوری بھی دی گئی۔ اور عمرہ پالیسی کے حوالہ سے اسے عملی جامہ پہنانے کے حوالہ سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں طارق اسحاق اور اصغر بگٹی کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔اجلاس میں معطل ہونیوالے ملازمین کی باعزت بحالی پر تمام ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر آ فس سپرنٹینڈنٹ اسلم بھٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے مفادات کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں۔ اجلاس میں دیگر عہدیداران نے بھی اپنی رائے کا اظہارکیا اور مفید مشورے بھی دیئے۔